ہرروز3000 افراد سڑکوں پرمرتےہیں | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ایک رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں ہر سال بارہ لاکھ افراد سڑکوں پر حادثات ہونے کے باعث ہلاک ہو جاتے ہیں۔ عالمی ادارۂ صحت اور عالمی بینک کی طرف سے مشترکہ طور پر شائع کی جانے والی اس رپورٹ میں مندرج اعداد و شمار کے مطابق اگر ہر سال ہونے والے حادثات کو دیکھا جائے تو معلوم ہوگا کہ ان میں پچاس لاکھ افراد سڑکوں پر زخمی ہوتے ہیں۔ رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگر رجحان یہی رہا تو دو ہزار بیس تک سڑکوں پر حادثات میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھنے والوں کی تعداد ایچ آئی وی جیسے مرض سے مرنے والوں کی تعداد سے بھی بڑھ جائے گی۔ یہ رپورٹ بدھ کو عالمی یومِ صحت کے موقع پر شائع کی جا رہی ہے۔ ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ عالمی ادارے نے سڑکوں پر ہونے والے حادثات پر کوئی رپورٹ تیار کی ہے۔ ادارے کے اہلکاروں کا کہنا ہے کہ وہ ٹریفک حادثات کے بڑھتے ہوئے خطرات کو اجاگر کرنا چاہتے ہیں۔ ڈاکٹر لی جونگ ووک جو عالمی ادارۂ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ہیں کہتے ہیں کہ سڑکوں پر محفوظ رہنے کے معاملے کو کبھی بھی صحتِ عامہ کا درجہ نہیں مل سکا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ دنیا میں ہر روز تین ہزار انسان سڑک پر ہونے والے حادثات میں ہلاک ہو جاتے ہیں۔ ان میں اکثر کی عمر پندرہ برس سے زیادہ اور پینتالیس برس سے کم ہوتی ہے۔ رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگر ٹریفک حادثات کو روکنے کے لئے اقدامات نہ کیے گئے تو اگلے سولہ برس میں ان کی شرح میں ساٹھ فیصد اضافہ ہو جائے گا۔ اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دنیا میں سب سے محفوظ سڑکیں مغربی یورپ کی ہیں جہاں ٹریفک حادثات میں مرنے والوں کی اوسط تعداد ایک لاکھ میں گیارہ ہے۔ ادھر امریکی صدر جارج بش اور برطانوی وزیرِ اعظم ٹونی بلیئر نے سڑکوں کو محفوظ بنانے کی مہم کی حمایت کی ہے۔ رپورٹ میں ٹریفک حادثات کو کم کرنے کے لئے چند اقدامات بھی تجویز کیئے گئے ہیں تاکہ سڑکوں پر مارے جانے والوں کی تعداد میں کمی لائی جا سکے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||