کوئٹہ میں بم دھماکہ، چار زخمی | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
کوئٹہ میں چھاونی کے علاقے کے قریب ایک دھماکے میں کم سے کم چار افراد زخمی ہوئے ہیں۔ یہ دھماکہ ایک سپورٹس سائیکل میں نصب دھماکہ خیز مواد سے ہوا ہے۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس پرویز رفیع بھٹی نے کہا ہے کہ یہ دہشت گردی کی واردات ہے اور اس کے سیاسی مقاصد ہو سکتے ہیں۔ انھوں نے کہا ہے کہ پولیس واقعے کی تفتیش کر رہی ہے۔ پولیس ذرائع نے بتایا ہے کہ کوئٹہ کے بڑے ہوٹل اور چھاؤنی کے علاقے کے مابین زرغون روڈ پر ایک کینٹین پر نا معلوم شخص نے سائیکل کھڑی کی۔ یہ ایک سپورٹس سائکل تھی جس میں چھ سو سے سات سو گرام دھماکہ خیز مواد نصب کیا گیا تھا اور ساتھ ہی ایک روسی ساخت کا ٹائمر لگا ہوا تھا جس کا وقت کوئی پچیس منٹ سے تیس منٹ کا ہوتا ہے۔ سائیکل کھڑی کرنے کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوا ہے۔ ڈی آئی جی نے بتایا ہے کہ کینٹین کا ملازم اور مالک کے علاوہ دو افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ اس مقام پر دھماکے کے مقاصد کیا تھے۔انھوں نے کہا ہے کہ یہاں آس پاس سے لوگ چائے پینے آتے ہیں اور فارغ وقت گزارتے ہیں۔ یاد رہے کہ کوئٹہ میں انتیسویں قومی کھیل کل ختم ہو گئے ہیں لیکن کئی ٹیموں کے کھلاڑی ابھی بھی یہاں موجود ہیں۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ تین روز قبل نا معلوم افراد نے کوئٹہ کے ایوب سٹیڈیم پر ایک راکٹ داغا تھا اور اس سے چند لمحے پہلے جناح روڈ کے قریب ایک دھماکہ ہوا تھا ۔ راکٹ سے ایک خاتون کھلاڑی بے ہو ش ہو گئی تھی جبکہ دھماکے سے کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں ہوا تھا۔ انتیسویں قومی کھیل تیس ستمبر سے شروع ہوئے ہیں اور ان کھیلوں کے شروع ہونے سے دو روز پہلے سٹیڈیم سے کچھ فاصلے پر اسی طرح ایک سائیکل میں نصب مواد سے دھماکہ ہوا تھا جس سے ایک نوجوان ہلاک اور نو افراد زخمی ہو گئے تھے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||