شوکت دو نشستوں سے انتخاب لڑیں گے | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
اٹھارہ اگست کو ہونے والے ضمنی انتحابات کے لیے وزارت اعظمیٰ کے اصل امیدوار شوکت عزیز اٹک اور تھرپارکر سے انتخاب لڑنے کے لیے اپنے کاغذات نامزدگی داخل کریں گے۔ پاکستان الیکشن کمشن نے اٹک اور تھرپارکر سے قومی اسمبلی کی خالی ہونے والی نشستوں پر ضمنی انتخابات کے لیے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ کی اٹک اور تھرپارکر سے قومی اسمبلی کی نشستیں خالی کرائی گئی ہیں تاکہ شوکت عزیز کو رکن قومی اسمبلی منتخب کرایا جا سکے۔ شوکت عزیز چھ جولائی کو اٹک میں اور سات جولائی کو تھرپارکر میں اپنے کاغذات نامزدگی داخل کرائیں گے۔ شوکت عزیز ایوان بالا کے ممبر ہیں اور وزیراعظم ایوان زیریں سے چنا جاتا ہے۔ الیکشن کمشن نے اپنی نوے دنوں میں انتخابات کرانے کی روایت توڑ تے ہوئے اس دفعہ پینتالیس دنوں میں کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ سندھ کے وزیراعلیٰ ارباب غلام رحیم نے علاقے میں شوکت عزیز کی انتخابی مہم کا آغاز کر دیا ہے اور اتوار کو وہاں ایک جلسہ کریں گے۔ وزیراعلیٰ بننے کے بعد ان کے آبائی علاقے میں یہ ان کا پہلا جلسہ ہوگا۔ سن دو ہزار دو کے انتخابات میں ارباب غلام رحیم نے تھرپارکر سے این اے 229 کی سیٹ جیتی تھی۔ انہوں نے بعد میں صوبائی اسمبلی میں سیٹ رکھنے کے لیے یہ سیٹ خالی کر دی تھی اور پھر ضمنی انتخابات میں اپنے بھتیجے ارباب ذکااللہ کو وہاں سے جیتوایا تھا۔ دونوں نشستوں پر ضمنی انتخابات کے لیے حزب اختلاف کی طرف سے ابھی تک امیدوار نامزد نہیں کیے تا ہم کچھ افراد نے تھرپارکر سے شوکت عزیز کے خلاف لڑنے کا اعلان کیا ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||