BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Thursday, 01 July, 2004, 16:14 GMT 21:14 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
شجاعت اور شوکت کے اثاثے

شوکت عزیز اور شجاعت حسین
بتائی گئی تفصیل کے مطابق شوکت عزیز، شجاعت حسین سے زیادہ امیر ہیں
پاکستان کے نئے وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور چند ہفتوں بعد اس عہدے پر آنے والے شوکت عزیز دونوں ہی کروڑ پتی ہیں اور ان کی ملک کے ایک سے زائد شہروں میں املاک بھی ہیں۔

دونوں کی ظاہر کردہ املاک کے مطابق شوکت عزیز، چودھری شجاعت سے چار گنا زیادہ امیر ہیں۔ ملک سے باہر چودھری شجاعت نے کوئی ملکیت ظاہر نہیں کی جبکہ شوکت عزیز کے لندن اور نیو یارک میں بھی اپارٹمنٹ اور بینک اکاؤنٹ ہیں۔

چودھری شجاعت حسین نے اپنی اور بیگم کے نام کل املاک جس میں زرعی زمین، پلاٹ، مکان، فرنیچر، زیور، نقدی، بینک اکاؤنٹس، کاروباری حصص اور سرمایہ کا اندازہ شامل ہے وہ سوا نو کروڑ روپوں کے قریب ہے ۔

جبکہ شوکت عزیز نے اپنے اور بیگم کے نام کل املاک کا تخمینہ چالیس کروڑ روپوں سے زائد بتایا ہے۔ تاہم دونوں نے ان کے بچوں کے نام ملکیت کا کوئی ذکر نہیں کیا۔ جبکہ دونوں کے مطابق ان کے ذمہ کوئی قرضہ بھی نہیں۔

موجودہ وزیراعظم چودھری شجاعت کے مطابق ان کے پاس 78، ایکڑ زرعی اراضی ہے لیکن اس کی قیمت انہوں نے محض تین لاکھ چھہتر ہزار چھ سو سولہ روپے بتائی ہے ۔

جبکہ لاہور کے اہم علاقہ گلبرگ میں واقع ایک مکان میں انہوں نے آدھے حصے کی قیمت چونتیس لاکھ باون ہزار پانچ سو روپے بتائی ہے۔

اسلام آباد کے مکان کی قیمت باون لاکھ پچاس ہزار اور مال روڈ لاہور پر واقع پلاٹ کی قیمت صرف تینتیس لاکھ روپے ظاہر کی ہے۔ مکان اور پلاٹ میں یہ رقم وزیراعظم نے ان کے آدھے حصے کی بتائی ہے۔

وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے پھالیہ شگر ملز، پنجاب شگر ملز اور ماڈرن فلور اینڈ جنرل ملز راولپنڈی میں اپنے اور بیگم کے حصص کی قیمت دو کروڑ چونتیس لاکھ روپے کے قریب بتائی ہے۔

انہوں نے نقدی اور بینک اکاؤنٹس میں اپنے نام پر اڑھائی کروڑ روپے اور بیگم کے نام تین کروڑ دس لاکھ روپوں کی رقم بتائی ہے۔ جبکہ انہوں نے ایک سو تولہ زیورات کی مالیت چھ لاکھ روپے اور فرنیچر کی قیمت محض چار لاکھ انہتر ہزار روپے ظاہر کی ہے۔

نامزد وزیراعظم شوکت عزیز کی فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق ڈیفینس ہاؤسنگ سوسائٹی فیز ٹو کراچی میں ان کے مکان کی قیمت صرف ساڑھے پینتیس لاکھ اور چک شہزاد اسلام آباد میں زرعی پلاٹ کی مالیت اکناوے لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔

انہوں نے لندن میں ایک اپارٹمنٹ کی قیمت چار کروڑ سڑسٹھ لاکھ اور نیو یارک میں اپارٹمنٹ کی قیمت تیرہ کروڑ روپے ظاہر کی ہے۔ جبکہ ان کا دعویٰ ہے کہ پاکستان کے اندر یا باہر ان کا کوئی کاروبار نہیں ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ سوا کروڑ روپے کے اثاثہ جات وہ بیرون ملک سے پاکستان بھی لائے ہیں۔ سرمایہ کاری کے متعلق ان کا کہنا ہے کہ پولیس فاؤنڈیشن میں پلاٹ کے لیے ساڑھے گیارہ لاکھ روپے انہوں نے جمع کرا رکھے ہیں۔

پاکستان کے ہونے والے وزیراعظم کے مطابق ان کے پاس صرف ایک ہنڈا کار ہے جس کی مالیت آٹھ لاکھ روپے ہے۔ جبکہ ان کے ہاں زیورات کی مالیت پندرہ لاکھ روپے اور فرنیچر پانچ لاکھ روپوں کا ہے۔

ان کے مطابق تیس جون دوہزار تین تک اسلام آباد کے حبیب بینک اور سٹی بینک میں ان کے سوا سات لاکھ روپے جمع تھے ۔ جبکہ ان کے لائڈز بینک لندن میں تین لاکھ دس ہزار پاؤنڈ جبکہ سٹی بینک نیویارک میں تیس لاکھ بارہ ہزار ڈالر جمع ہیں۔

تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد