’بلامقابلہ نہیں جیتنے دیں گے‘ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان میں حزب اختلاف کے دونوں بڑے اتحادوں، اتحاد برائے بحالی جمہوریت یعنی اے آر ڈی اور چھ مذہبی جماعتوں کے اتحاد متحدہ مجلس عمل نے دعویٰ کیا ہے کہ نامزد وزیراعظم شوکت عزیز کو بلا مقابلہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے نہیں دیں گے۔ سرکاری امیدوار کے ممکنہ بلابقابلہ انتخاب کو روکنے کے لیے دونوں اتحادوں نے حکمت عملی مرتب کرنے کے لیے علیحدہ علیحدہ اجلاس بھی طلب کر لیے ہیں۔ اتحاد برائے بحالی جمہوریت کے چیئرمین مخدوم امین فہیم نے اتحاد کا اجلاس لاہور میں پانچ جولائی کو طلب کرلیا ہے ۔ جبکہ متحدہ مجلس عمل کے سرکردہ رہنما لیاقت بلوچ نے بتایا ہے کہ انہوں نے تین جولائی کو صوبہ پنجاب کے شہر اٹک میں اجلاس طلب کرلیا ہے جس میں ضمنی انتخاب کے بارے میں حکمت عملی وضع کریں گے۔ مخدوم امین فہیم کا کہنا تھا کہ شوکت عزیز ان کے بہت پیارے دوست ہیں اس لیے انہیں اکیلے انتخاب لڑنے وہ نہیں دیں گے۔ جبکہ لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ وہ شوکت عزیز کو کسی قیمت پر بلامقابلہ کامیاب ہونے نہیں دیں گے اور ان کے مقابلے میں امیدوار کھڑا کریں گے۔ شوکت عزیز کو رکن قومی اسمبلی منتخب کرانے کے لیے حکمران جماعت ’ پاکستان مسلم لیگ کے دو اراکین جمعرات کے روز مستعفی ہوگئے تھے۔ قومی اسمبلی کے اسپیکر چودھری امیر حسین نے ان کے استعفے فوری منظور کرتے ہوئے نشستیں خالی قرار دے دیں تھی۔ مستعفی ہونے والے اراکین میں صوبہ پنجاب کے ضلع اٹک کے حلقے 59 سے مسماۃ ایمان وسیم جبکہ صوبہ سندھ کے ضلعہ تھرپارکر کے حلقہ 299 سے ارباب ذکاء اللہ شامل تھے۔ یاد رہے کہ ایمان وسیم وزیراعظم چودھری شجاعت حسین کی بھانجی ہیں جبکہ ارباب ذکاء اللہ سندھ کے وزیراعلیٰ ارباب غلام الرحیم کے بھانجے ہیں ۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||