کراچی میں راکٹ فائر کرنے کا واقعہ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے تجارتی دارالحکومت کہلانے والے اور صوبہ سندھ کے شہر کراچی میں انتہائی حساس علاقے کے قریب سے چلایا جانے والا راکٹ ایک ایسے علاقے میں گرا ہے جہاں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ جس علاقے سے راکٹ چلایا گیا ہے اس سے امریکن قونصلیٹ، میریٹ، پرل کانٹینینٹل، اور شیرٹن ہوٹل، وزیراعلیٰ سندھ ہاؤس، گورنر سندھ ہاؤس اور علاقے میں رینجرز کے دفاتر محض ایک کلو میٹر کے دائرے میں ہیں۔ راکٹ ہجرہ کالونی کے ایک میدان سے چلایا گیا جو کئی کلو میٹر رقبے پر مشتمل شہر کا مرکزی علاقہ عبور کر کے جہانگیر روڈ نامی علاقے میں داتا شادی ہال کی عمارت کے قریب گرا۔ راکٹ گرنے سے قریبی ایک دیوار گر گئی تاہم کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔ راکٹ فائر ہونے کے بعد رینجرز اور پولیس نے فوری طور پر ہجرہ کالونی کے علاقے کو محاصرے میں لے لیا اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کر لیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ انہیں جائے وقوعہ سے ایک اور راکٹ بھی ملا ہے جسے بم ڈسپوزل اسکواڈ نے ناکارہ بنا دیا۔ ایک اہلکار کا کہنا تھا کہ یہ راکٹ آٹھ سے دس کلو میٹر تک مار کر سکتا ہے۔ اس کا کہنا تھا کہ راکٹ چلانے والے غالباً مہارت نہیں رکھتے تھے اور شاید اسی لیے وہ دوسرے راکٹ کو استعمال کیے بغیر فرار ہو گئے۔ پولیس نے میدان کو سیل کر دیا ہے تاہم علاقے سے کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||