فوجی تنصیبات پر حملہ ناکام بنادیاگیا | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان میں فوجی تنصیبات پر حملہ ناکام بنا دیا گیا ہے اور ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔ پاکستان کے ضلع چترال میں حکام کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایک سعودی اور ایک پاکستانی کو القاعدہ کے ساتھ تعلق کے شبہ میں گرفتار کیا ہے۔ یہ اس طرح کی اس پہاڑی علاقے سے اب تک کی پہلی گرفتاری ہے۔ اس سے قبل اس علاقے کو القاعدہ کے اراکین کے چھپنے کے لئے ناموزں قرار دیا جاتا تھا۔ یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ یہ غیرملکی کتنے عرصے سے یہاں مقیم تھا۔ چترال سے مغرب میں ایون کے علاقے میں پولیس نے بتایا کہ اپنا نام عبدالرحمان ولد محمد ابراہیم بتانے والے اس شخص کا کہنا تھا کہ وہ سعودی عرب میں مکہ مکرمہ سے تعلق رکھتا ہے۔ اسے وادی کیلاش میں بمبوریت سے گرفتار کیا گیا تھا۔ پولیس نے اس تقریبا پچیس سالہ شخص کے خلاف پاکستان میں بغیر دستاویزات کے رہنے پر مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ایف آئی آر میں پاکستانی کا ذکر نہیں۔ دونوں کو مزید تحقیقات کے لئے خفیہ ادارے کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ تاہم خیال کیا جاتا ہے کہ وہ افغانستان سے پاکستان میں داخل ہوا ہوگا۔ دریں اثنا جنوبی شہر بنوں سے اطلاعات ہیں کہ سیکورٹی حکام نے آج صبح دس راکٹ ان کے مقررہ وقت سے چلنے سے پندرہ منٹ قبل ناکارہ بنا دیے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ راکٹ حساس اداروں اور فوجی ٹھکانوں پر داغنے کے لئے نصب کئے گئے تھے۔ ایک شخص کی نشاندہی پر انہیں ناکارہ بنا دیا۔ یہ علاقہ القاعدہ کے خلاف جاری کارروائیوں والے قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان کے قریب واقع ہے۔ ماضی میں بھی جب پاکستانی فوجی ہیلی کاپٹروں نے بنوں کے ہوائی اڈے کو القاعدہ کے خلاف کارروائی کے لئے انتہائی مختصر مدت کے لئے استعمال کیا تھا تو اس پر راکٹ داغے گئے تھے جن سے کوئی نقصان نہیں ہوا تھا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||