جنوبی وزیرستان میں شدید بمباری | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ انہوں نے پاک افغان سرحد کے قریب غیر ملکی جنگجوؤں اور ان کے مقامی حامیوں کی ٹھکانوں پر حملے کئے ہیں۔ جنوبی وزیرستان کے مقامی صحافیوں اور قبائلیوں کے مطابق پاک فضائیہ کے طیاروں اور ہیلی کاپٹروں کو وانا کے قریب زمینی دستوں کی مدد کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔ پاکستان فوج کے ایک ترجمان نے مسلح آپریشن کی تصدیق کی ہے مگر کوئی تفصیلات نہیں بتائیں۔ پشاور سے بی بی سی کے نامہ نگار رحیم اللہ یوسفزئی کا کہنا ہے کہ حملہ پاکستان کے مقامی وقت کے مطابق پونے سات بجے شروع ہوا۔
نامہ نگار کے مطابق بعد میں چھبیس ہیلی کاپٹر علاقے پر اڑتے ہوئے دیکھے گئے۔ اطلاعات کے مطابق ان میں سے کچھ ہیلی کاپٹر علاقے کے مختلف گاؤں کے پاس اتر گئے۔ ’علاقے سے دھواں اٹھ رہا ہے لیکن ابھی تک جانی نقصان کے بارے کوئی تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں۔‘ بدھ کے روز مسلح قبائلیوں کی طرف سے فوجی چوکیوں پر حملوں کے بعد سے علاقے میں پاک فوج اور مسلح قبائیلیوں کے مابین وقفے وقفے سے جھڑپیں ہو رہی ہیں۔ پاکستانی فوج کے مطابق ان جھڑپوں میں اب تک پینتیس مسلح غیر ملکی جنگجو اور سکیورٹی فورسز کے پندرہ اہلکار ہلاک ہو چکے ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||