شہباز شریف: جدہ میں سردمہری؟ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان مسلم لیگ (نواز) کے رہنما شہباز شریف جب ملک بدر ہو کر جدہ ایئر پورٹ پہنچے تو ان کا بڑی سرد مہری سے استقبال کیا گیا۔ جدہ سے صحافی سراج وہاب کے مطابق شہباز شریف کی جدہ آمد کے موقع پر ایئرپورٹ پر سکیورٹی بہت سخت تھی اور پولیس کا ایک بڑا دستہ حفاظتی انتظامات کے لئے وہاں موجود تھا۔ صحافی سراج وہاب نے بتایا کہ شہباز شریف کا استقبال کرنے کے لئے لیگی کارکنوں کی کوئی بڑی تعداد ایئرپورٹ پر موجود نہیں تھی۔ ذرائع کے مطابق انہیں لینے کے لیے صرف سعودی پروٹوکول کے حکام آئےتھے ۔ ’توقعات کے برعکس خود اُن کے اپنے بھائی نواز شریف اُن کا استقبال کرنے کے لئے ایئرپورٹ نہیں آئے۔‘ ایک سوال کے جواب میں صحافی سراج وہاب نے کہا کہ سعودی عرب کی حکومت کی جانب سے ابھی تک شہباز شریف کی آمد پر کوئی ردعمل نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی واس پر بھی ابھی تک شہباز شریف کی آمد پر کوئی بیان نہیں آیا۔ حکومت پاکستان اور سعودی حکومت کے مابین مبینہ معاہدے کی خلاف ورزی سے متعلق ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سعودی شاہی خاندان اور شریف فیملی کے درمیان بہت قریبی تعلقات ہیں اور ایسا نہیں لگتا کہ اس واقعے سے فریقین کے موجودہ تعلقات میں کوئی فرق آئے گا۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت شہباز شریف کو سعودی عرب کے اندر سیاسی سرگرمیوں کا اجازت نہیں دے گی۔ سراج وہاب نے کہا کہ سعودی حکومت شہباز شریف کی وطن واپسی کو ایک داخلی مسئلہ قرار دے رہی تھی جس میں وہ دخل اندازی نہیں چاہتی تھی لیکن اب وہ سعودی عرب میں ہیں اس لئے انہیں سیاسی سرگرمی کی اجازت نہیں ہو گی۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||