’شہباز کی واپسی ہفتوں میں‘ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ایک مسلم لیگی رہنما کا کہنا ہے کہ عدالت کے حالیہ فیصلے کے بعد شہباز شریف ہفتوں میں وطن واپس آ سکتے ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (نواز) کے سیکریٹری اطلاعات صدیق الفاروق نے بی بی سی اردو سروس کو بتایا کہ شہباز شریف کی ملک واپسی کے معاملے پر غور کرنے کے لئے پارٹی کا ایک اجلاس جمعہ کے روز اسلام آباد میں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بنیادی طور پر ایک مشاورتی اجلاس تھا جس میں مسلم لیگ کی لیڈرشپ نے اس بات پر غور کرنا تھا کہ شہباز شریف کی وطن واپسی کے سلسلے میں کیا ممکن ہے کیا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس میں مرتب کی جانے والی سفارشات میاں شہباز شریف کو ارسال کی جائیں گی تاکہ وہ ان سفارشات کی روشنی میں ملک واپسی کا فیصلہ کر سکیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میاں شہباز شریف کی واپسی اب صرف چند ہفتوں کا معاملہ ہے۔ ’اجلاس میں پائے جانے والے جوش و خروش کے پیش نظر یہ کہا جا سکتا ہے کہ شہباز شریف ایک دو ہفتے تک واپس آ جائیں گے۔‘ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی رٹ پر دیا جانے والا عدالتی فیصلہ اصولی نوعیت کا ہے اور سابق وزیر اعظم نواز شریف بھی اسی فیصلے کی روشنی میں وطن واپسی کا فیصلہ کر سکتے ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||