ڈاکٹرقدیر کی اہلیہ کا نام خارج | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے جوہری سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی بیگم ہینڈرینا خان المعروف ہینی خان کا نام یوم پاکستان کے موقعہ پر سول اعزازات وصول کرنے والوں کی فہرست سے عین وقت پر خارج کر دیا گیا ہے۔ عوامی خدمات کے عوض ہینی خان کو ہلال امتیاز دینے کا باضابطہ طور پر اعلان چودہ اگست 2003 کو کیا گیا تھا لیکن حکومت نے ان کا نام کوئی وجہ بتائے بغیر فہرست سے خارج کر دیا ہے اور سرکاری حکام بھی اس پر تبصرہ کرنے سے گریزاں ہیں۔ یوم پاکستان کے موقعہ پر منگل تئیس مارچ کوایوان صدر میں ایک تقریب ہوئی جس میں صدر جنرل پرویز مشرف نے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 230 سے زائد فوجی و سول افسران، سائنسدانوں، ادیبوں، دانشوروں اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات کو تمغے عطا کئے۔ تقریب میں پاکستان کے وزیراعظم میر ظفر اللہ جمالی، وفاقی وزراء، گورنر، وزراء اعلیٰ، سول و فوجی حکام کے علاوہ سفیروں نے بھی شرکت کی۔ صدر جنرل پرویز مشرف نے صحافی حنیف خالد اور رحیم اللہ یوسفزئی کو بھی تمغوں سے نوازا۔ اعزازات حاصل کرنے والوں میں ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر ثمر مبارک منڈ، سفارتکار جمشید مارکر، واحد خاتون میجر جنرل شاہدہ ملک، فیشن ڈیزائنر محمود بھٹی، تعلیمی ماہر بیگم انیتا غلام علی، ڈان گروپ کے حمید ہارون، سابق وفاقی وزیرِ صحت عبدالمالک کانسی، کمپیئر بیگم مہتاب اکبر راشدی، کرکٹ کمینٹیٹر چشتی مجاہد، گلو کارہ ٹینا ثانی اور دیگر شخصیات شامل ہیں۔ واضع رہے کہ مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو ہر سال تئیس مارچ کو اعزازات دیئے جاتے ہیں جن کا اعلان ایک برس پہلے ہی چودہ اگست کو کر دیا جاتا ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||