’اوڑی حملے کا کوئی ثبوت انڈیا کے پاس موجود نہیں‘

ابھی تک انڈیا کے پاس اوڑی سیکٹر میں ہونے والے حملے کے ثبوت موجود نہیں ہیں

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنابھی تک انڈیا کے پاس اوڑی سیکٹر میں ہونے والے حملے کے ثبوت موجود نہیں ہیں
    • مصنف, شہزاد ملک
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ انڈیا کے زیر انتظام کشمیر کے اوڑی سیکٹر میں بریگیڈ ہیڈ کوراٹر پر حملے کے ثبوت بھارت کے پاس خود موجود نہیں ہے تو پھر پاکستان کن افراد کے خلاف کارروائی کرے۔

جمعے کے روز نیشنل ڈیٹابیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) میں تقریب کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے اُنھوں نے کہا کہ انڈیا کی طرف سے جو الزام لگایا گیا ہے وہ صرف پاکستان کو بدنام کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ انڈین قیادت نے ماضی میں اتنے جھوٹ بولے ہیں کہ اب اُن کی بات پر یقین کرنا مشکل نظر آتا ہے۔

چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ ابھی تک انڈیا کے پاس اوڑی سیکٹر میں ہونے والے حملے کے ثبوت موجود نہیں ہیں اور بھارتی تحقیقاتی ایجنسیاں ابھی تک یہ طے نہیں کر سکیں تو حملہ کہاں سے اور کیسے ہوا۔

اُنھوں نے کہا کہ انڈیا کے ڈی جی ملٹری آپریشن کی طرف سے ایک بیان منسوب کیا گیا کہ اُنھوں نے پاکستان سے اس واقعے سے متعلق ثبوت مانگے ہیں جبکہ بعد میں اُنھوں نے خود ہی اس بیان کی تردید کی۔

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت نے اپنے ملک میں میڈیا پر سنسر شپ عائد کر رکھی ہے جبکہ پاکستان میں ایسا کچھ نہیں ہے۔

اوڑی میں حملے کے بعد انڈیا اور پاکستان کے درمیان پہلے سے کشیدہ تعلقات میں مزید تلخی آئی ہے

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشناوڑی میں حملے کے بعد انڈیا اور پاکستان کے درمیان پہلے سے کشیدہ تعلقات میں مزید تلخی آئی ہے

اُنھوں نے کہا کہ اوڑی سیکٹر میں حملے کی جواب دہی انڈیا کو ہی کرنی ہے پاکستان کو نہیں اس کے علاوہ انڈیا کو ہی جواب دہ ہونا پڑے گا کہ اُن کی قیادت نے پاکستان پر الزامات کیوں لگائے۔

ایک سوال کے جواب میں چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ بلوچ قوم پرست رہنما براہمداغ بگٹی کو پاکستان لانے کے لیے انٹرپول کو خط لکھے گا۔

اُنھوں نے کہا کہ براہمداغ بگٹی کو بھارت میں سیاسی پناہ دینے کا اقدام اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کے صوبے بلوچستان میں دہشت گردی کی کارروائیاں کون کروا رہا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ اب تک 2000 غیر ملکیوں نے رضاکارانہ طور پر پاکستانی شناختی کارڈ واپس کیے ہیں جبکہ اب تک 50 ہزار شناختی کارڈ بلاک کیے جا چکے ہیں۔

اُنھوں نے کہا کہ افغان طالبان کے رہنما ملا اختر منصور کو جعلی پاکستانی شناختی کارڈ جاری کیا گیا جس کی جواب دہی حکومت کو اقوام متحدہ میں دینی پڑ رہی ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اب تک نادرا کے 18 اہلکاروں کو گرفتار کیا گیا ہے جو جعلی شناختی کارڈ بنانے میں ملوث ہیں۔