شاہ رخ کےلیےپشاوری چپل بنانے والے کےخلاف مقدمہ

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, عزیز اللہ خان
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
بھارتی فلم سٹار شاہ رخ خان کے لیے ہرن کے چمڑے سے چپلیاں بنانے والے کاریگر کے خلاف محکمہ جنگلی حیات نے مقدمہ درج کر لیا ہے ۔ پشاور کے جہانگیر پورہ بازار کے ایک کاریگر نے شاہ رخ خان کے لیے چپلیوں کے تین جوڑے تیار کیے ہیں۔
محکمہ جنگلی حیات کے افسران نے بی بی سی کو بتایا کہ انھوں نے چپلیاں اپنی تحویل میں لے لی ہیں اور کاریگر عمران ولد جہانگیر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔
حکام کے مطابق ابتدائی طور پر کاریگر گرفتار کیاگیا تھا لیکن جب تک یہ ثابت نہیں ہو جاتا کہ یہ ہرن کے چمڑے سے تیار کی گئی چپلیاں ہیں تب تک انھیں رہا کر دیا گیا ہے ۔
حکام کے مطابق ان چپلیوں کے چمڑے کا تجزیہ کیا جائے گا تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ کیا یہ واقعی ہرن کے چمڑے سے تیار کی گئی ہیں یا کسی اور جانور کا چمڑا استعمال کیا گیا ہے۔
شاہ رخ خان کے پشاور میں مقیم رشتہ دار مہ جبین نے شاہ رخ خان کےلیے دو جوڑے چپلیاں تیار کرنے کا کہا تھا جس پر کاریگر نے ایک جوڑا چپلی اپنی طرف سے ان کے لیے تیار کیا تھا۔ کاریگر عمران اور ان کا والد جہانگیر بھی شاہ رخ خان کے بڑے مداح ہیں۔
ان گاریگر باپ بیٹے نے اس سے پہلے پاکستان سیاسی رہنماؤں کے لیے چپلیاں تیار کی تھیں۔
پشاور کے جہانگیر پورہ بازار میں پشاوری چپلیاں بڑے پیمانے پر تیار کی جاتی ہیں اور اس میں آئے روز نئے انداز متعارف کیے جاتے ہیں۔ کچھ عرصہ پہلے عمران خان کے لیے تیار کی جانے والے چپلی کو کپتان سٹائل کہاگیا تھا جبکہ نواز شریف کے لیے اسی بازار سے چپلیاں تیار کی گئی تھیں۔
محکمہ جنگلی حیات پشاور کے حکام نے بتایا کہ اس سے پہلے اسی کاریگر سے چیتے کا چمڑا بھی برآمد کیا گیا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







