عمران خان کی تحریکِ احتساب ریلی راولپنڈی سے روانہ

،تصویر کا ذریعہTWITTER
پاکستان تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان کی قیادت میں’احتساب ریلی‘ راولپنڈی سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہو گئی ہے۔
اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے اپنے حامیوں سے کہا ہے کہ وہ شب دس بجے اسلام آباد کی فیصل ایونیو فیصل مسجد کے سامنے ان سے خطاب کریں گے۔
انھوں نے بتایا کہ وہ آزادی جشن منائیں گے، نیشنل ایکشن پلان جس کی وجہ سے ہماری حکومت دہشت گردی پر قابو نہیں پا سکی اس پر بات کریں گے اور پاناما لیکس پر بھی بات کریں گے۔‘
راولپنڈی میں ریلی کے آغاز سے قبل پی ٹی آئی کے ساؤنڈ سسٹم کےلیے مخصوص کنٹینر میں آگ لگ گئی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور فائر برگیڈ کی جانب سے آگ بجھائی گئی۔
عمران خان نے ریلی کے اسلام آباد کی طرف چلنے سے قبل اپنے بیان میں کہا کہ اب ان کی ریلی لاہور بھی جائے گی اور وہ آج اپنے اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
خیال رہے کہ کل پاکستان کا 69 واں یوم آزادی ہے جبکہ پاکستان تحریک انصاف نے دو برس قبل دارالحکومت میں 2012 کے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف ایک طویل دھرنا دیا تھا، جس کا آغاز ملک کے جشنِ آزادی کے موقع پر ہی کیا گیا تھا۔
پاناما لیکس میں وزیراعظم کے بچوں کے نام آنے کے بعد وزیراعظم کا احتساب کرنے کا مطالبہ کرنے میں عمران خان کا ساتھ پارلیمینٹ میں اپوزیشن جماعت پاکستان پیپلز پارٹی نے بھی دیا تھا اور اس سلسلے میں دونوں جماعتوں نے وزیراعظم کی نااہلی کے لیے الیکشن کمیشن میں درخواستیں بھی دائر کر رکھی ہیں تاہم احتساب ریلی میں عمران خان کا ساتھ صرف پاکستان عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد دے رہے ہیں۔
عمران خان کی جانب سے ’احتساب ریلی‘ کی صورت میں ملک گیر تحریک کے اعلان کے موقع پر قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا تھا کہ تحریک انصاف نے اپوزیشن کے ساتھ صلاح و مشورہ کے بغیر ہی حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔







