عمران خان کی نااہلی سے متعلق ریفرنس دائر

حزب مخالف کی جماعتوں نے بھی وزیر اعظم میاں نواز شریف کو نااہل قرار دینے سے متعلق الیکشن کمیشن میں درخواستیں دائر کر رکھی ہیں

،تصویر کا ذریعہPML N

،تصویر کا کیپشنحزب مخالف کی جماعتوں نے بھی وزیر اعظم میاں نواز شریف کو نااہل قرار دینے سے متعلق الیکشن کمیشن میں درخواستیں دائر کر رکھی ہیں
    • مصنف, شہزاد ملک
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد

پاکستان کی حکمراں جماعت پاکستان مسلم لیگ نواز نے پارلیمنٹ میں حزب مخالف کی دوسری بڑی جماعت پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی نااہلی سے متعلق ریفرنس قومی اسمبلی کے سپیکر کے دفتر میں جمع کروا دیا ہے۔

یہ ریفرنس حکمراں جماعت کے رکن قومی اسمبلی دانیال عزیز اور طلال چوہدری کی طرف سے دائر کیا گیا ہے۔

نااہلی کے اس ریفرنس میں عمران خان کی طرف سے ٹیکس چھپانے کے لیے آف شور کمپنی بنانے کے اعتراف اور گوشواروں میں اپنے اثاثے چھپانے کا ذکر کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ اس ریفرنس میں پاکستان میں اُن کی جائیداد اور اس پر بننے والا ٹیکس ادا نہ کرنے کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔

قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق نے اس ریفرنس کے بارے میں قانونی رائے لینے کے لیے اسے اسمبلی سیکریٹریٹ بھجوا دیا ہے۔

قانون کے مطابق اگر قومی اسمبلی کے سپیکر سمجھیں گے کہ عمران خان کو نااہل قرار دینے کے لیے ریفرنس میں دیے گیے ثبوت کافی ہیں تو پھر اس ریفرنس پر مزید کارروائی کے لیے اسے الیکشن کمیشن کو بھجوا دیا جائےگا۔

قومی اسمبلی کے سپیکر اگر ایک ماہ تک اس ریفرنس پر کوئی کارروائی نہیں کرتے تو پھر یہ معاملہ خود بخود الیکشن کمیشن کے پاس چلا جائےگا۔

نااہلی کے اس ریفرنس میں عمران خان کی طرف سے ٹیکس چھپانے کے لیے آف شور کمپنی بنانے کے اعتراف اور گوشواروں میں اپنے اثاثے چھپانے کا ذکر کیا گیا ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشننااہلی کے اس ریفرنس میں عمران خان کی طرف سے ٹیکس چھپانے کے لیے آف شور کمپنی بنانے کے اعتراف اور گوشواروں میں اپنے اثاثے چھپانے کا ذکر کیا گیا ہے

خیال رہے کہ حزب مخالف کی جماعتوں پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف نے پاناما لیکس میں وزیر اعظم میاں نواز شریف کے بچوں کے نام آنے کے بعد اُنھیں نااہل قرار دینے سے متعلق الیکشن کمیشن میں درخواستیں دائر کر رکھی ہیں، جس کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے کے بارے میں الیکشن کمیشن نے ابھی فیصلہ کرنا ہے۔

ان درخواستوں کی سماعت 17 اگست کو دوبارہ ہوگی۔

پاکستان تحریک انصاف کو ملنے والی غیر ملکی فنڈنگ کے بارے میں بھی درخواست الیکشن کمیشن میں زیر التوا ہے۔

یاد رہے کہ سنہ 2014 میں عمران خان سمیت پاکستان تحریک انصاف کے متعدد ارکان قومی اسمبلی نے استعفیٰ دے دیا تھا اور ان استعفوں کو منظور نہ کیے جانے کے خلاف حزب مخالف کی جماعت ایم کیو ایم نے سپیکر قومی اسمبلی کے دفتر میں درخواست جمع کروائی تھی۔

تاہم قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق نے ایوان کی مشاورت کے بعد ان استعفوں کو منظور نہیں کیا تھا۔