کراچی میں دو شدت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ

،تصویر کا ذریعہAFP

    • مصنف, ریاض سہیل
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

کراچی میں انسداد دہشت گردی کے محکمے نے ایک مبینہ مقابلے میں دو مشتبہ شدت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مشتبہ ملزمان کا تعلق خود کو دولتِ اسلامیہ کہلانے والی شدت پسند تنظیم سے تھا۔

ایس ایس پی جنید شیخ نے بتایا کہ انسداد دہشت گردی کے محکمے نے گذشتہ رات گلشن معمار کے قریب سپر ہائی وے سے متصل سٹی گارڈن میں حساس اداروں کی اطلاع پر یہ مشترکہ آپریشن کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ آپریشن کے دوران دو شدت پسند مارے گئے جبکہ اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ان کے دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

ایس ایس پی نے بتایا کہ ملزمان کی شناخت مجاہد عرف طلعہ اور عبداللہ کے نام سے ہوئی ہے، جن کا تعلق کالعدم شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ سے تھا۔

جنید شیخ نے بتایا کہ شدت پسندوں کے قبضے سے دو تیار خودکش جیکٹیں، کلاشنکوف، ہینڈگرینیڈ اور دیگر اسلحہ بھی برآمد ہوا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دونوں شدت پسندوں کے سر پر دس دس لاکھ روپے انعام بھی تھا۔

ایس ایس پی کے مطابق ملزمان فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں، غیر ملکی سفارت خانوں، شاپنگ سینٹر، پولیس اور فوج کی تنصیبات پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

خیال رہے کہ پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی ملک میں دولتِ اسلامیہ کی موجودگی سے انکار کرتے آئے ہیں جبکہ اسماعیلی برادری کی بس پر حملے کے علاوہ دہشت گردی کی کئی دیگر وارداتوں کے بعد ملزمان دولتِ اسلامیہ کے پمفلٹ پھینک چکے ہیں۔