لاہور پولیس مقابلے میں ’پانچ دہشت گرد ہلاک‘

پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک کئے گئے ملزموں کے گلشن اقبال پارک دھماکے میں ملوث ہونے کا شہبہ ہے

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنپولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک کئے گئے ملزموں کے گلشن اقبال پارک دھماکے میں ملوث ہونے کا شہبہ ہے

⁠ سی آئی اے پولیس نے لاہور کے علاقے نواب ٹاون میں رات گئے پولیس مقابلے میں پانچ مشتبہ دہشت گردوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے ۔

لاہور سے صحافی این اے خان کے مطابق تین شناخت شدہ مشتبہ دہشت گردوں میں سے دو کا تعلق خیبر پختونخواہ اور ایک کا پنجاب سے بتایا جاتا ہے جن کے بارے پولیس کا کہنا ہے کہ وہ گلشن اقبال پارک دھماکے میں ملوث تھے۔

پولیس مقابلہ رائے ونڈ روڈ پر واقع ایل ڈی اے ایونیو میں ہوا جہاں پولیس کے مطابق ہلاک ملزموں نے کرائے پر گھر حاصل کررکھا تھا، جہاں پولیس نے خفیہ اطلاع پر چھاپہ مارا تو ملزموں نے پولیس کی چھاپہ مار پارٹی پر فائرنگ شروع کردی، جس پر پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی۔‘

دو طرفہ فائرنگ کا سلسلہ تقریباً دو گھنٹوں تک جاری رہا جس میں پانچ مشتبہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ ایک رات کے اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگیا۔ تاہم کوئی پولیس اہل کار زخمی یا ہلاک نہیں ہوا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک کئے گئے ملزموں کے گلشن اقبال پارک دھماکے میں ملوث ہونے کا شہبہ ہے کیونکہ ان کے قبضے سے گلشن اقبال پارک اور باغ جناح کے نقشے اسلحہ، بارود، ٹائم ڈیوائسز، اور ہینڈ گرنیڈ بھی برآمد ہوئے ہیں۔

پولیس نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ ملزموں نے رائے ونڈ روڈ پر واقع ایل ڈی اے ایونیو میں کرائے پر گھر حاصل کررکھا تھا جہاں مزید دہشت گرد حملوں کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔

ہلاک کئے گئے تین مبینہ دہشت گردوں کی شناخت بھی کردی گئی ہے جن میں پنجاب کے علاقے شرق پور کا ناصر اقبال، پشاور کا خان وحید اور ایبٹ آباد کا جنید ظہور شامل ہیں، جبکہ دیگر دو کی شناخت ابھی باقی ہے۔