لاہور میں پولیس سے جھڑپ میں چھ شدت پسند ہلاک

،تصویر کا ذریعہAP

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں پولیس نے ایک مقابلے میں چھ شدت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

پنجاب پولیس کے شبعہ انسداد ہدشت گردی(سی ٹی ڈی) کے مطابق ہلاک ہونے والے شدت پسندوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے ہے۔

صحافی اے این خان کے مطابق سی ٹی ڈی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مبینہ مقابلہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب لاہور کے قریب سگیاں پل کے قریب ہوا جہاں مبینہ شدت پسندوں کی ایک ٹھکانے پر موجودگی کی خفیہ اطلاع پر پولیس نے طلعت پارک، کچی آبادی شیراکوٹ لاہور میں چھاپہ مارا۔

ترجمان کے مطابق ٹھانے پر موجود نو سے دس شدت پسندوں کو ہتھیار پھینک کر خود کو پولیس کے حوالے کرنے کا کہا گیا لیکن شدت پسندوں نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی۔

ترجمان نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے میں چھ شدت پسند ہلاک ہو گئے جبکہ تین سے چار شدت پسند تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔

سی ٹی ڈی پولیس کے مطابق ہلاک مشتبہ دہشت گردوں کا تعلق تحریک طالبان پاکستان کے استاد اسلم گروپ سے ہے جو لاہور میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور معروف شخصیات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ مطابق ہلاک ملزموں کی شناخت ابھی باقی ہے۔

ترجمان کے مطابق فرار ہونے والے شدت پسندوں کی تلاش جاری ہے۔

27 مارچ کو لاہور کے گلشن اقبال پارک میں دھماکے کے بعد لاہور میں یہ دوسرا پولیس مقابلہ ہے اس سے قبل رائے ونڈ روڈ کے علاقے ایل ڈی اے ایونیو میں سی آئی اے پولیس نے ایک مقابلہ میں پانچ مشتبہ شدت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔