خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں بارشیں، 41 ہلاک

،تصویر کا ذریعہEPA
- مصنف, سید انور شاہ
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، سوات
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخواہ اور گلگت بلتستان میں جاری شدید بارشوں سے حکام کے مطابق اب تک 41 افراد ہلاک اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں جبکہ مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ سے راستے بند ہونے کے باعث کئی مقامات پر مسافر پھنس گئے ہیں۔
شانگلہ میں 40 سے زیادہ گھر جزوی یا مکمل طور پر تباہ ہوئے ہیں جبکہ کوز کانا میں چار گاڑیاں بھی سیلابی ریلے میں بہہ گئی ہیں۔
صورتحال کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے سوات کے ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے جبکہ بارشوں کا یہ سلسلہ آئندہ 24 گھنٹوں تک جاری رہنے کی پیشن گوئی کی گئی ہے۔
حکام کے مطابق حالیہ شدید بارشو ں سے شانگلہ میں 13 اور سوات میں چار، چلاس میں چار، تانگیر میں پانچ، تھور، دیر، چترال، چارسدہ، ملاکنڈ اور مانسہرہ میں ایک ایک کوہستان میں نو ہلاکتیں ہوئی ہیں جبکہ بیس سے زائد افراد زخمی ہیں جنھیں قریبی ہسپتالوں میں منتقل کرا دیاگیا ہے۔
سوات میں پولیس کے مطابق تحصیل کبل کے علاقے توتانو بانڈی میں خاتون بچی سمیت سیلابی ریلے میں بہہ گئی جبکہ دکوڑک میں بھی ایک شخص پانی کے تیز بہاؤ کی نظر ہوا، بنجوٹ میں آسمانی بجلی گرنے سے چھ سالا بچہ ہلاک ہوا جبکہ کالام میں لینڈ سلائیڈنگ سے رابطہ سڑک بند ہوگئی ہے۔
ضلع شانگلہ میں پولیس کے مطابق علاقے میں لینڈ سلائیڈنگ سے 40 سے زائد گھر وں کو نقصان پہنچا ہے جس میں نو افراد ہلاک اور پانچ زخمی ہوگئے ہیں۔ شانگلہ میں شدید بارشوں سے مختلف مقامات پر سلائیڈنگ سے راستے بند ہوگئے ہیں جبکہ برساتی نالوں میں طغیانی سے چار گاڑیاں اور متعدد پن بجلی گھر تباہ ہوگئے ہیں۔

گلگت بلتستان کے ضلع دیامر کے علاقے چلاس میں مکان کی چھت گرنے سے چار افراد ہلاک جبکہ تین خواتین زخمی ہوئیں پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں باپ اور تین بچے شامل ہیں ہلاک و زخمی ہونے والوں کو مقامی لوگوں نے ملبے سے نکال کر قریبی ہسپتال منتقل کردیا۔ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شہراہ قراقرم ہربن نالا اور دیگر نو مقامات پر بند ہوگئی ہیں جس سے کئی مسافر گاڑیاں پھنس گئی ہیں۔
سوات کے علاقے بحرین میں دریا میں طغیانی کے باعث رابطہ پل بہہ جانے سے مقامی لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے جبکہ دریائے سوات میں اونچے درجے کا سیلاب ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ادھر پاکستان کے زیرانتظام کشمیر سے مقامی صحافی اورنگزیب جرال کے مطابق لائن آف کنڑول سے متصل ضلع نیلم کے علاقے سرگن میں مٹی کا تودہ گرنے سے آٹھ افراد دب کر ہلاک ہو گے۔
وادی نیلم میں قائم پولیس کے مرکزی کنڑول روم کے انچارج محمد ہاشم کے مطابق تحصیل شادرہ کے علاقے سرگن سام گام میں آنے والی لینڈ سلاڈنگ کی زد میں ایک مکان آیا جس کے نتیجے میں تین خواتین سمیت پانچ بچے ہلاک جبکہ ایک خاتون زخمی ہو گی۔ ہلاک ہونے والے تمام افراد کا ایک ہی خاندان سے تعلق ہے ۔
پولیس کے مطابق ان تمام افراد کی لاشوں کو ملبے سے نکال لیا گیا ہے جبکہ امدادی کاروائیوں میں فوج سمیت ضلعی انتظامیہ نے حصہ لیا۔







