پشاور میں سرچ آپریشن، 35 مشتبہ افراد گرفتار

،تصویر کا ذریعہGetty
صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران 35 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا ہے۔
سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ کارروائیاں پھندو نامی علاقے میں کی گئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حراست میں لیے جانے والے افراد میں آٹھ افغان پناہ گزین بھی شامل ہیں۔
پولیس نے زیرِ حراست افراد کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرنے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔
خیال رہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں گذشتہ چند ہفتوں کے دوران پہلے پشاور میں آرمی پبلک سکول کی برسی سے قبل اور پھر چارسدہ میں باچا خان یونیورسٹی پر حملے کے بعد مختلف علاقوں میں سرچ آپریشنز کیے گئے ہیں۔
ان آپریشنز کے دوران دو سو سے زیادہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جن میں بڑی تعداد افغان پناہ گزینوں کی بھی ہے۔
دسمبر 2014 میں پشاور کے آرمی پبلک سکول پر حملے کے بعد پاکستان میں نیشنل ایکشن پلان نافذ کیا گیا جس کے تحت قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ کارروائیاں کیں اور ان کارروائیوں میں ایک سال کے دوران دس ہزار افراد کو گرفتار کیا گیا۔
خیبر پختونخوا کے محکمہ انسداد دہشت گردی کے مطابق انھوں نے اس عرصے کے دوران پانچ ہزار افراد کو گرفتار کیا ہے جن میں شدت پسندوں کے اہم کمانڈرز بھی شامل ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ان کارروائیوں کے دوران بڑی تعداد میں ان افغان مہاجرین کو بھی گرفتار کیا گیا ہے جن کے پاس یہاں رہنے کے لیے سفری دستاویزات نہیں تھیں جبکہ ایسے افغان مہاجرین بھی تھے جنھوں نے حالات کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے خود واپس اپنے وطن جانے کا فیصلہ کیا ہے۔







