مارگٹ میں ایف سی کی گاڑی پر بم حملہ، چھ ہلاک

یہ حالیہ چند ہفتے میں ایف سی اہلکاروں کو نشانہ بنائے جانے کا دوسرا واقعہ ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنیہ حالیہ چند ہفتے میں ایف سی اہلکاروں کو نشانہ بنائے جانے کا دوسرا واقعہ ہے
    • مصنف, محمد کاظم
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ

پاکستان کے صوبے بلوچستان میں دیسی ساختہ بم کے دھماکے میں ہلاک ہونے والے ایس سی اہلکاروں کی تعداد چھ ہو گئی ہے جبکہ ایک زخمی ہے۔

ایف سی کے اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بی بی سی کو بتایا کہ یہ واقعہ پیر کو کوئٹہ کے مشرق میں 50 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع علاقے مارگٹ میں پیش آیا۔

اہلکار کا کہنا ہے کہ ایف سی کے جوانوں کی ایک گشتی گاڑی سڑک کنارے نصب ریموٹ کنٹرول بم کا نشانہ بنی۔

ان کے مطابق اس واقعے میں پانچ اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ دو زخمی اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

زخمی ہونے والے اہلکاروں میں سے ایک کی حالت تشویش ناک تھی جو بعد میں جان کی بازی ہار گیا۔

خیال رہے کہ یہ حالیہ چند ہفتے میں ایف سی اہلکاروں کو نشانہ بنائے جانے کا دوسرا واقعہ ہے۔

اس سے قبل 29 دسمبر کو مستونگ میں بھی دیسی ساختہ بم کے دھماکے میں ہی ایف سی کا ایک اہلکار ہلاک ہوگیا تھا۔

فرنٹیئر کور کے مطابق صوبہ بلوچستان میں سنہ 2015 کے دوران بلوچستان کے مختلف علاقوں میں فرنٹیئر کور کے اہلکاروں پر مسلح شدت پسندوں نے 941 حملے کیے۔

حکام کے مطابق ان جھڑپوں اور دھماکوں میں فرنٹیئر کور کے 43 اہلکار مارے گئے جبکہ 112 زخمی ہوئے تھے۔