ایف سی کی کارروائی،’کالعدم تنظیموں کے تین ٹھکانے تباہ‘

،تصویر کا ذریعہAFP
پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں فرنٹیئر کور نے سرچ آپریشن کے دوران کالعدم عسکریت پسند تنظیموں کے تین ٹھکانوں کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
کوئٹہ میں ایف سی کے ترجمان کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق یہ سرچ آپریشن پنجگور، سوئی اور گوادر میں کالعدم عسکریت پسند تنظیموں کے خلاف کیا گیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ پنجگور میں ہونے والے سرچ آپریشن میں عسکریت پسندوں کے تین ٹھکانوں کو تباہ کیا گیا ۔
ترجمان کے مطابق کالعدم عسکریت پسند تنظیموں سے تعلق کے الزام میں گوادر سے دو اور سوئی سے ایک شخص کو گرفتار بھی کیا گیا۔
خیال رہے کہ پنجگور اور سوئی بلوچستان کے ان اضلاع میں شامل ہیں جہاں سکیورٹی فورسز ماضی میں بھی کارروائیاں کرتی رہی ہیں۔
ان علاقوں میں بلوچ مزاحمت کاروں کی جانب سے حکومتی افواج کو نشانہ بنانے کے واقعات بھی پیش آتے رہتے ہیں۔
ادھر انسپیکٹر جنرل فرنٹیئر کور میجر جنرل شیر افگن نے پنجگور میں عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے ضلعے میں پنجگورمیں امن کا قیام سب سے بڑی کامیابی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام صوبے میں قیام امن ،ترقی اور خوشحالی کے لیے عسکریت پسندوں اور شدت پسندوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں تاکہ ان کے خلاف بھرپور کارروائی کی جا سکے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
آئی جی ایف سی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز پر عوام کا اعتماد بڑھنے سے عسکریت پسندوں اور شدت پسندوں کو ہر جگہ شکست کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
انھوں نے کہا پُرامن بلوچستان پالیسی کے تحت ہتھیار جمع کروا کر قومی دھارے میں شامل ہونے والے گمراہ نوجوانوں کی بھر پور معاونت کی جائےگی۔







