پاکستان اور بھارت مذاکراتی عمل جاری رکھیں: جان کیری

امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ دونوں ملکوں کے مابین مذاکرات خطے کے استحکام کے لیے ضروری ہیں

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنامریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ دونوں ملکوں کے مابین مذاکرات خطے کے استحکام کے لیے ضروری ہیں

امریکہ نے پاکستان اور بھارت پر زور دیا ہے کہ بھارت کے پٹھان کوٹ ایئر بیس پر شدت پسندوں کے حملے کے باوجود دونوں ممالک مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھیں۔

یہ بات امریکی وزیرِ خارجہ جان کیری نے سنیچر کو پاکستان کے وزیرِ اعظم نواز شریف سے ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران کہی۔

اسلام آباد میں وزیراعظم ہاؤس کے مطابق جان کیری نے پاکستانی وزیراعظم سے کہا کہ پٹھان کوٹ ایئر بیس پر شدت پسندوں کا حملہ دونوں ملکوں کے مابین مذاکرات کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے۔

چند روز قبل بھارت کے صوبے پنجاب میں پٹھان کوٹ کے علاقے میں ایئر بیس پر شدت پسندوں کے حملے میں سات بھارتی فوجی ہلاک ہوئے تھے اور چار دن تک جاری رہنے والے آپریشن کے بعد چھ شدت پسندوں کو ہلاک کیا گیا تھا۔

اس حملے کے بعد بھارت کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں پاکستان کو قابلِ عمل معلومات فراہم کی گئی ہیں اور دونوں ملکوں کے درمیان بات چیت کا سلسلہ تبھی آگے بڑھے گا، جب پاکستان پٹھان کوٹ ایئربیس کے حملے کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرے۔

پٹھان کوٹ کے علاقے میں ایئر بیس پر شدت پسندوں کے حملے میں سات بھارتی فوجی ہلاک ہوئے تھے

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنپٹھان کوٹ کے علاقے میں ایئر بیس پر شدت پسندوں کے حملے میں سات بھارتی فوجی ہلاک ہوئے تھے

پاکستان اور بھارت کے سیکریٹری خارجہ کے درمیان آئندہ ہفتے اسلام آباد میں منعقد ہونا ہیں۔

وزیرِ اعظم نواز شریف کے مشیر برائے امورِ خارجہ سرتاج عزیز نے سنیچر کو صحافیوں سے گفتگو میں بتایا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات کا شیڈول تبدیل نہیں ہوا ہے۔

وزیر اعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت مذاکرت کو سلسلہ جاری رکھیں کیونکہ دونوں ملکوں کے مابین مذاکرات خطے کے استحکام کے لیے ضروری ہیں۔

بیان کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے امریکی وزیر خارجہ کو بتایا کہ پاکستان بھارتی ایئر بیس پر حملے کی شفاف انداز میں تحقیقات کر رہا ہے اور تحقیقات مکمل کرنے کے بعد سچ کو سب کے سامنے لایا جائے گا۔

نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کے تمام ادارے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہیں اور ’دنیا پاکستان کے موثر اقدامات اور خلوص کو دیکھے گی۔‘

وزیراعظم پاکستان نے اس عزم کو دہرایا کہ پاکستان کسی کو بھی اپنی سر زمین دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں کرنے دے گا۔

یاد رہے کہ اس قبل امریکہ نے پاکستان سے کہا تھا کہ وہ بھارت میں پٹھان کوٹ ایئر بیس پر ہونے والے حملے کے سلسلے میں شفاف اور مکمل تحقیقات کر کے حقائق سامنے لائے۔

بھارت ایئر بیس پر شدت پسندوں کے حملے کے بعد پاکستان کو قابلِ عمل اور ٹھوس معلومات فراہم کی ہیں جبکہ پاکستان کے وزیرِ اعظم نے اپنے بھارتی ہم منصب کو اس معاملے کی تحقیقات میں مکمل تعاون کا یقین دلایا تھا۔