رینجرز کے اختیارات، وفاق کی سندھ حکومت کو وارننگ

چوہدری نثار کی پریس کانفرنس کو سندھ حکومت نے دھمکی قرار دیا ہے

،تصویر کا ذریعہEPA

،تصویر کا کیپشنچوہدری نثار کی پریس کانفرنس کو سندھ حکومت نے دھمکی قرار دیا ہے

پاکستان کے وفاقی وزیرِ داخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ رینجرز کے اختیارات میں توسیع میں تاخیر کے ذریعے کراچی آپریشن کا رخ موڑنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور ایک ہفتے سے رینجرز لیگل کور کے بغیر ہیں۔

ادھر سندھ حکومت کے مشیر اطلاعات مولا بخش چنڈیو نے کہا ہے کہ رینجرز کے اختیارات کی توسیع کا معاملہ اسمبلی میں لے کر جانا آئینی ضرورت ہےاور کراچی آپریشن جاری رہے گا۔

سنیچر کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ داخلہ نے کہا کہ ’پچھلےدو ہفتوں سے کسی نہ کسی حوالے سے اس آپریشن کو ڈی ٹریک کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔‘

وزیرِ داخلہ کا کہنا تھا کہ دو ہفتوں سے وزارتِ داخلہ حکومت سندھ کو کہہ رہی ہے کہ وہ فائل منظور کریں۔‘

چوہدری نثار نے کہا کہ رینجرز کو بیرکس میں واپس بھجوانے کا سندھ حکومت کو قانونی حق حاصل ہے۔ تاہم انھوں نے کہا کہ’ مخصوص انداز سے اس ادارے کی تضحیک کی جا رہی ہے ان کے اقدامات کی تضحیک کی جا رہی ہے۔‘

کراچی اجلاس کی روداد

وزیرِ داخلہ کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت ایک شخص کے لیے آپریشن کو متنازع نہ بنائے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنوزیرِ داخلہ کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت ایک شخص کے لیے آپریشن کو متنازع نہ بنائے

وزیرِ داخلہ نے رینجرز کے اختیارات میں توسیع نہ دیے جانے پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ کراچی میں حال ہی میں ہونے والی میٹنگ میں شرکا کو بتایا تھا کہ اگر صوبے کو وفاق سے رینجرز سے یا نیب سے کوئی شکایت ہے تو وہ میٹنگ میں اس کا اظہار کریں عوامی سطح پر نہ کریں۔

وزیرِ داخلہ نے سندھ حکومت سے کہا کہ آپ کراچی کے عوام اور دہشت گردوں کو کیا پیغام دے رہے ہیں۔ ’چار تاریخ کو اگر مدت ختم ہونی تھی تو کوئی ہوم ورک کرنا تھا، کوئی تحفظات تھے تو پہلے کہہ دیتے۔‘

’چوہدری صاحب دھمکیاں نہ دیں‘

رینجرز کے اختیارات میں توسیع کا معاملہ سندھ اسمبلی کے سامنے پیش کیا جا رہا ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنرینجرز کے اختیارات میں توسیع کا معاملہ سندھ اسمبلی کے سامنے پیش کیا جا رہا ہے

سندھ حکومت کے مشیر اطلاعات مولا بخش چانڈیو نے وزیرِ داخلہ کی پریس کانفرنس کے بعد کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ ہمیں کراچی آپریشن پر اعتماد ہے اور یہ آپریشن جاری رہے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیرِ داخلہ نے سندھ کو دھمکیاں دینی شروع کر دی ہیں اگر ان کے پاس ثبوت ہیں تو وہ لے آئیں تاہم رینجرز کو بیچ میں نہ لائیں۔

’ہمارے آپریشن کو بیچ میں نہ لائیں، ہماری رینجرز کو بیچ میں نہ لائیں، ہمارے آپریشن کو بیچ میں نہ لائیں، جن کو ہمارا اعتماد حاصل ہے جو ہمارے کہنے پر آئے ہیں۔‘

مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ رینجرز کے اختیارات کی حمایت کرتے ہیں۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ اپنی پارٹی کے مفادات کے لیے چوہدری نثار سارے معاملے کو خراب کر رہے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انھوں نے اس الزام کو بھی مسترد کیا کہ سندھ حکومت ایک شخص کی خاطر رینجرز کے اختیارات میں توسیع کو روک رہی۔