’اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ ن آگے‘

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کی تاریخ کے پہلے بلدیاتی انتخابات کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق ملک کی حکمران جماعت مسلم لیگ ن کا پلہ بھاری رہا ہے۔
پاکستان کے سرکاری ٹی وی کے مطابق جن 50 یونین کونسلوں میں پیر کو الیکشن ہوا ان میں سے 21 میں مسلم لیگ (ن)، 15 میں حزبِ اختلاف کی جماعت تحریکِ انصاف جبکہ 14 میں آزاد امیدوار چیئرمین منتخب ہوئے ہیں۔
جماعتی بنیادوں پر 32 دیہی اور 18 شہری یونین کونسلز میں ہونے والے ان انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان تحریکِ انصاف نے بیشتر نشستوں پر یا امیدوار کھڑے کیے یا وہاں دیگر جماعتوں سے اتحاد کیا۔

،تصویر کا ذریعہReuters
پی ٹی وی پر نشر کیے جانے والے نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے زیادہ تر امیدوار اسلام آباد کے نواحی یا شہر کی حدود میں آنے والے دیہی علاقوں سے کامیاب ہوئے ہیں۔
اس کے برعکس تحریکِ انصاف کے کامیاب امیدواروں کی اکثریت شہری حلقوں سے منتخب ہوئی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اسلام آباد میں بلدیاتی الیکشن کے لیے پولنگ پیر کو صبح سات سے شام ساڑھے پانچ بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہی تھی۔
ان انتخابات کے دوران ووٹروں نے 50 یونین کونسلوں کی 650 نشستوں کے لیے میدان میں اترنے والے 2396 امیدواروں میں سے چیئرمین، وائس چیئرمین اور کونسلروں کا انتخاب کیا۔
اس دوران سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے اور پولیس کے علاوہ رینجرز اور فوج کے اہلکار بھی تعینات تھے۔
شہر سے پولنگ کے دوران کسی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع نہیں ملی۔







