ایاز صادق سمیت چار نو منتخب اراکین نے حلف اٹھا لیا

- مصنف, شہزاد ملک
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
قومی اسمبلی کے سابق سپیکر ایاز صادق اور تین نو منتخب اراکین نے جمعے کے روز قومی اسمبلی کے رکن کی حیثیت سے حلف اُٹھا لیا ہے جبکہ نئے سپیکر کے انتخاب کے لیے نو نومبر کو قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کر لیا گیا ہے۔
قومی اسمبلی کے قائم مقام سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی نے نومنتخب ارکان سے حلف لیا۔
حلف اُٹھانے والوں میں ایاز صادق کے علاوہ پنجاب کے ضلع اوکاڑہ سےریاض الحق جج اور صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر ہری پور سے بابر نواز ضمنی انتخابات میں منتخب ہونے والے ارکان میں شامل ہیں، جبکہ شازیہ سومرو خواتین کی مخصوص نشست پر منتخب ہوئی ہیں۔
ایاز صادق جب حلف اُٹھانے کے لیے قومی اسمبلی کے ہال میں پہنچے تو انھیں دیگر نومنختب اراکین سے زیادہ پرٹوکول دیا گیا اور ایوان میں موجود حزب مخالف اور حزب اقتدار کے اراکین نے ڈیسک بجا کر ایاز صادق کا استقبال کیا۔
حکمراں جماعت نے ابھی تک سپیکر کے انتخاب کے لیے کسی اُمیدوار کا اعلان نہیں کیا تاہم اس بات کے زیادہ امکانات ہیں کہ ایاز صادق ہی حکمراں اتحاد کے متفقہ اُمیدوار ہوں گے۔
یاد رہے کہ الیکشن ٹریبیونل نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی درخواست پر قومی اسمبلی کے حلقے این اے 122 میں دوبارہ انتخابات کروانے کا حکم دیا تھا۔
ایاز صادق نے اس فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج نہیں کیا تھا اور 11 اکتوبر کو ہونے والے ضمنی انتخاب میں پاکستان تحریک انصاف کے اُمیدوار کو شکست دی تھی۔

،تصویر کا ذریعہAFP
حلف اٹھانے کے بعد قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے سردار ایاز صادق نے پاکستان تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس جماعت کی قیادت کو الزامات کی سیاست کو ترک کرتے ہوئے ملکی ترقی کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اُنھوں نے اپنی تقریر میں پاکستان تحریک انصاف کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ اس جماعت نے اُن کے خلاف ضمنی انتخابات میں حصہ ضرور لیا لیکن اس جماعت کے لیڈروں نے اُن (ایاز صادق) کی جیت کے لیے فون کر کے اپنی خواہشات کا اظہار کیا۔
حزب مخالف کی جماعت، جماعت اسلامی کے بارے میں ایاز صادق کا کہنا تھا کہ اس جماعت نے ضمنی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے اُمیدوار کی حمایت کی لیکن جماعت اسلامی کے رہنماؤں کی روحیں ایاز صادق کے ساتھ تھیں۔
قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے پاکستان پیپلز پارٹی کے اراکین کے پارلیمانی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اُن کی جماعت ایاز صادق کے مقابلے میں کوئی اُمیدوار نہیں لائے گی تاہم اگر حکومت نے کسی دوسرے اُمیدوار کا اعلان کیا تو اُن کی جماعت بھی سپیکر کے انتخاب کے لیے کوئی اُمیدوار سامنے لا سکتی ہے۔
حزب مخالف کی جماعت پاکستان تحریک انصاف نے قومی اسمبلی کے سپیکر کے عہدے کے لیے شفقت محمود کو اپنا اُمیدوار نامزد کیا ہے۔







