جنرل راحیل شریف دو روزہ دورے پر سعودی عرب میں

سعودی عرب کی علاقائی سالمیت اور استحکام کوکسی بھی خطرے کی صورت میں پاکستان کا سخت ردعمل ہوگا

،تصویر کا ذریعہispr

،تصویر کا کیپشنسعودی عرب کی علاقائی سالمیت اور استحکام کوکسی بھی خطرے کی صورت میں پاکستان کا سخت ردعمل ہوگا

پاکستان کے آرمی چیف جنرل راحیل شریف دو روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب میں موجود ہیں جہاں وہ اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔

فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے مطابق سعودی عرب پہنچنے پر آرمی چیف کا پرجوش اسقبال وہاں کی بری فوج کے سربراہ اور نائب وزیرِ دفاع نے کیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ جنرل راحیل شریف نے سعودی فورسز کے چیف آف جنرل سٹاف عبدالرحمٰن بن صالح سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دفاعی تعاون، سکیورٹی و خطے کی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔

آئی ایس پی آر کے ترجمان کا کہنا ہے کہ آرمی چیف سعودی عرب کے اعلیٰ سیاسی اور فوجی حکام سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔

خیال رہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حال ہی میں صوبہ پنجاب میں جہلم کے قریب ہونے والی جنگی مشقوں ’اشہاب‘ کے اختتام پر جنرل راحیل شریف نے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ سعودی عرب کی علاقائی سالمیت اور استحکام کوکسی بھی خطرے کی صورت میں پاکستان کا سخت ردعمل ہوگا۔

سعودی عرب کی جانب سے یمن میں کئی ماہ سے جنگ جاری ہے تاہم پاکستان کی پارلیمان نے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ اور کہا تھا کہ وہ سعودی جنگ میں اتحادی بننے کے بجائے غیر جانبدارانہ کردار ادا کرے۔