بلوچستان میں تین پولیس اہلکار ہلاک

،تصویر کا ذریعہGetty
- مصنف, محمد کاظم
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں تشدد کے دو مختلف واقعات میں تین پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔
اہلکاروں کی ہلاکت کے واقعات کوئٹہ اور افغانستان سے متصل سرحدی شہر چمن میں پیش آئے۔
ان میں سے دو پولیس اہلکاروں کو چمن میں نشانہ بنایا گیا۔
چمن میں انتظامیہ کے مطابق مقامی پولیس کے دو اہلکار بوغرہ روڈ پر معمول کی گشت پر تھے جہاں نامعلوم مسلح افراد نے ان پر حملہ کیا۔
حملے میں دونوں پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے جبکہ اس حملے میں ایک راہگیر زخمی بھی ہوا۔
تیسرے پولیس اہلکار کی ہلاکت کا واقعہ کوئٹہ شہر میں سریاب کے علاقے میں پیش آیا۔
نیوسریاب پولیس سٹیشن کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ہلاک ہونے والا اہلکار بلوچستان کانسٹیبلری کا ہیڈ کانسٹیبل تھا۔
پولیس اہلکار نے بتایا کہ نامعلوم مسلح افراد نے بلوچستان کانسٹیبلری کے ہیڈ کانسٹیبل کو غلام رسول مینگل روڑ پر نشانہ بنایا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
چمن اور کوئٹہ میں پولیس اہلکاروں کو ہلاک کرنے کا محرک معلوم نہیں ہو سکا اور نہ ہی تاحال کسی نے ان واقعات کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
بلوچستان میں حالات خراب ہونے کےبعد سے پولیس اہلکار بھی ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنتے رہے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق بلوچستان میں 2006ء سے اب تک 5 سو 24سے زائد پولیس اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔







