گوادر ایئرپورٹ کے قریب راکٹ حملہ، کوئی نقصان نہیں ہوا

    • مصنف, محمد کاظم
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں ایئرپورٹ کے قریب راکٹ حملہ ہوا ہے۔ حکام کے مطابق جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب ہونے والے اس حملے میں کوئی جانی اور مالی نقصان نہیں ہوا۔

پاکستان کے مقامی ذرائع ابلاغ نے اس حملے کے حوالے سے یہ خبردی کہ یہ حملہ گوادر شہر میں واقع ایئر پورٹ پر کیا گیا لیکن بلوچستان کے وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی نے اس کی تردید کی ہے۔

کوئٹہ میں ان کی جانب سے اس واقعے کے حوالے سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ گوادر ائرپورٹ پر کوئی حملہ نہیں ہوا۔

بیان کے مطابق دہشت گردوں کی جانب سے فائر کیا جانے والا راکٹ ایئرپورٹ سے کافی فاصلے پر گرا جس سے ایئرپورٹ اور تنصیبات کوئی نقصان نہیں پہنچا اور ایئرپورٹ مکمل طور پر محفوظ ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ سیکورٹی اداروں نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کیا ہے تاکہ حملے میں ملوث شرپسندوں کو گرفتار کیا جاسکے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل گوادر کے ایک اور علاقے جیوانی میں واقع ایئر پورٹ حملہ ہوا تھا جس میں حملہ آوروں کی فائرنگ سے ایئرپورٹ پر موجود ایک ٹیکنیشن ہلاک اور ایک الیکٹرک سپر وائزر زخمی ہوا تھا۔

حملہ آوروں نے ایئر پورٹ کے راڈار سسٹم کو آگ لگادی تھی جس سے وہ بری طرح سے متاثر ہوا تھا۔

حملہ آوروں نے فرار ہوتے ہوئے ایئر پورٹ کے الیکٹرک انجنیئر کو بھی اغوا کر لیا اور بعد میں اسے بھی گولی مارکر ہلاک کیا گیا تھا۔