کراچی میں منشیات برآمد، 13 غیر ملکی بازیاب

    • مصنف, ریاض سہیل
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

پاکستان کے شہر کراچی میں منشیات کی روک تھام کے ادارے اینٹی نارکوٹکس فورس نے ایک کارروائی کے دوران بڑی مقدار میں منشیات برآمد کی ہیں اور اس کارروائی میں 13 غیر ملکی افراد کو بازیاب کروا لیا ہے۔

اینٹی نارکوٹکس فورس کا دعویٰ ہے کہ خفیہ اطلاع پر کراچی کے علاقے در محمد گاؤں میں ایک مکان پر چھاپہ مارا، جہاں سے 20 کلوگرام حشیش اور ایک کلو ہیروئن برآمد کر لی گئی۔

اے این ایف کے حکام کا کہنا ہے کہ اس چھاپے میں 13 غیرملکیوں کو بھی بازیاب کرا لیا گیا ہے۔ قید میں موجود ان افراد منشیات کی شپمنٹ کے لیے بطور ضامن یرغمال بنایا گیا تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ بازیاب کروائے گئے افراد میں آٹھ کا تعلق تنزانیہ اور پانچ کا نائیجیریا سے ہے۔

منشیات سمگل کرنے والے افراد کے خلاف اس کارروائی میں اے این ایف کسی مقامی ملزم کو گرفتار نہیں کر سکی ہے۔

اینٹی نارکوٹکس فورس کے اعلامیے کے مطابق مقدمہ ملزم سلیم بلوچ کے نام درج کر لیا گیا ہے۔

اس جرم میں ملوث گروہ کی گرفتاری کے لیے صوبے کے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔