سزا پر عمل درآمد نہ کریں: پاکستان

- مصنف, شہزاد ملک
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
پاکستان نے سعودی عرب سے کہا ہے کہ جب تک منشیات رکھنے کے الزام میں گرفتار ہونے والے پاکستانیوں کے بارے میں تحقیقات مکمل نہیں ہوجاتی اُس وقت تک ان کی سزا پر عملدرآمد نہ کیا جائےجبکہ سعودی عرب کا کہنا ہے کہ انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے اور کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہوگی۔
خیال رہے کہ سعودی عرب میں منشیات رکھنے کی سزا موت ہےاور جُرم ثابت ہونے پر مجرم کا سر قلم کردیا جاتا ہے۔
جمعرات کو دفتر خارجہ کے ترجمان عبدالباسط نے ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ سعودی عرب میں گرفتار ہونے والے پاکستانی بےگناہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے سعودی عرب میں پاکستانی سفارتخانے کے حکام کو آگاہ کیا ہے کہ وہ ان افراد کو قانونی معاونت فراہم کرنے کے لیے اقدامات کریں جبکہ بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کی وزارت نے بھی اس ضمن میں سعودی عرب میں گرفتار ہونے والے ان افراد کو قانونی معاونت فراہم کرنے کے لیے وکیل کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ کراچی سے تعلق رکھنے والے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد عمرہ کی ادئیگی کے لیے سعودی عرب گئے تھے کہ اُن کے قبضے سے ’منشیات برآمد ہوئی تھیں‘۔ یہ منشیات چپلوں میں چھپائی گئی تھی اور گرفتار ہونے والے افراد کے ورثاء کا کہنا ہے کہ یہ چپلیں ٹریول ایجنٹ ثروت حسین نے دی تھیں جس سے اُنہوں نے عمرہ کی ٹکٹ حاصل کیے تھے۔
منشیات کے الزام میں گرفتار ہونے والے افراد کے ورثاء نے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر علی عواض العسیری سے ملاقات کی ہے جس میں سعودی سفیر نے اُنہیں یقین دلایا ہے کہ اُن کے عزیزوں کے ساتھ زیادتی نہیں ہوگی۔جہازرانی کے وفاقی وزیر بابر خان غوری بھی ملاقات میں موجود تھے۔ انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سےگفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے بھی یہ معاملہ سعودی حکومت کے ساتھ اُٹھایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے افراد کو سزا ملنی چاہیے جو منشیات جیسے گھناؤنے کاروبار میں ملوث ہیں اور ملک کی بدنامی کا باعث ہیں۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اس واقعہ میں کراچی ائرپورٹ پر امیگریشن اور انسداد منشیات کے عملے کی کمزوریاں بھی سامنے آئی ہیں جن کے خلاف تحقیقات کی جانی چاہیے۔
ادھر کراچی پولیس نے ٹریول ایجنٹ ثروت حسین کے بیٹے کو گرفتار کرکے اُس کا مقامی عدالت سے پانچ روز کا جسمانی ریمانڈ بھی حاصل کرلیا ہے۔ مقامی پولیس کا دعوٰی ہے کہ انہوں نے زیر حراست ملزم فراز کی نشاندہی پر ثروت حسین کی رہائش گاہ سے ایک سو گرام سے زائد ہیروئین برآمد کی ہے۔ پولیس ملزم ثروت حسین اور اُن کی اہلیہ شافعہ کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔



