پولیس مقابلے میں آٹھ ’شدت پسند‘ ہلاک، ایس ایچ او زخمی

منگھو پیر تھانے کے ہیڈ محرر نے بتایا کہ مخبر خاص کی اطلاع پر پولیس کی ایک ٹیم نے منگھو پیر میں ایک مکان پر چھاپہ مارا

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنمنگھو پیر تھانے کے ہیڈ محرر نے بتایا کہ مخبر خاص کی اطلاع پر پولیس کی ایک ٹیم نے منگھو پیر میں ایک مکان پر چھاپہ مارا
    • مصنف, شمائلہ خان
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

کراچی پولیس کے مطابق منگھوپیر کے علاقے میں سنیچر کو ایک مقابلے کے دوران آٹھ شدت پسند مارے گئے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں مقامی تھانے کے ایس ایچ او اور ان کا ڈرائیور زخمی بھی ہوا ہے۔

منگھو پیر تھانے کے ہیڈ محرر عبدالوحید نے بتایا کہ ’مخبر کی اطلاع پر پولیس کی ایک ٹیم نے منگھو پیر میں ایک مکان پر چھاپہ مارا جہاں یہ دہشت گرد ایک کمپاؤنڈ میں روپوش تھے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ چھاپے کے دوران مقابلے میں آٹھ مشتبہ شدت پسند ہلاک ہوئے جبکہ ان کے قبضے سے ہتھیار، دستی بم اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔

انہوں نے بتایا کہ’اس مقابلے میں دہشت گردوں کی فائرنگ کی زد میں آکر منگھو پیر تھانے کے ایس ایچ او غلام حُسین کورائی اور ان کے ڈرائیور الطاف بھی زخمی ہوئے ہیں جنھیں ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔‘

پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے تمام افراد پولیس پر حملوں اور ان کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔

تاہم اس بارے میں تحقیقات کی جا رہی ہیں کہ ان کا تعلق کس تنظیم یا گروہ سے ہے۔