کراچی: نجی یونیورسٹی کے قریب کریکر حملہ

یونیورسٹی کے قریب فائرنگ ہوئی تھی جس کے بعد انتظامیہ نے پولیس اور رینجرز کو آگاہ کیا

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنیونیورسٹی کے قریب فائرنگ ہوئی تھی جس کے بعد انتظامیہ نے پولیس اور رینجرز کو آگاہ کیا
    • مصنف, ریاض سہیل
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

صوبہ سندھ کے شہر کراچی میں ایک نجی یونیورسٹی پر کریکر بھینکنے کا واقع پیش آیا ہے، جس کے نتیجے میں دو محافظ معمولی زخمی ہوگئے ہیں۔

یہ واقعہ پیر کی شب پہلوان گوٹھ کے قریب واقع حبیب یونیورسٹی کے قریب پیش آیا ہے۔

ایس پی گلشن اقبال عابد قائمخانی نے بی بی سی کو بتایا کہ یونیورسٹی کے ساتھ ہی خالی جگہ چھوڑی گئی ہے جہاں کریکر پھینکاگیا ہے ، جس کے نتیجے میں دو محافظ معمولی زخمی ہوئے ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ یونیورسٹی کی چاردیواری کی عقبی دیوار کے ساتھ گندا نالہ گزرتا ہے جہاں سے نامعلوم افراد نے یہ کریکر پھینکا۔ اس کے بعد محافظوں نے فائرنگ کی۔

دوسری جانب حبیب یونیورسٹی کے ترجمان سبطین نقوی نے مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ یونیورسٹی کے قریب فائرنگ ہوئی تھی جس کے بعد انتظامیہ نے پولیس اور رینجرز کو آگاہ کیا۔

انھوں نے بتایا کہ یونیورسٹی میں شام کو کلاسیں نہیں ہوتیں، اس لیے جب فائرنگ ہوئی تو طالب علم موجود نہیں تھے۔

یاد رہے کہ دو سال قبل کراچی ایئر پورٹ پر ایک حملہ کیا گیا تھا، جس کے بعد پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمان پہلوان گوٹھ سے ہی اندر داخل ہوئے تھے۔