کراچی میں جھڑپ، ’خفیہ ادارے کا افسر اور دو شدت پسند ہلاک‘

رینجرز نے شدت پسندوں کے ساتھ مقیم دو خواتین کو حراست میں لے لیا ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنرینجرز نے شدت پسندوں کے ساتھ مقیم دو خواتین کو حراست میں لے لیا ہے

پاکستان کے ساحلی شہر کراچی میں رینجرز کے مطابق مشتبہ شدت پسندوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں خفیہ ادارے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور دو شدت پسند ہلاک ہوگئے ہیں۔

حکام کے مطابق رینجرز اور پولیس نے منگل کی صبح مشتبہ دہشتگردووں کی موجودگی کی اطلاع پر رہائشی علاقے گلشن اقبال کی ایک کثیر المنزلہ رہائشی عمارت پر چھاپہ مارا تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ جب قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے تو وہاں موجود شدت پسندوں نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں انٹیلی جنس ادارے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ہلاک ہوگئے۔

رینجرز کی جوابی فائرنگ میں دو مشتبہ شدت پسند بھی مارے گئے۔

پولیس کے مطاق ہلاک ہونے والے شدت پسندوں کی شناخت عبدالاحد اور صالح کے نام سے ہوئی ہے۔

رینجرز نے شدت پسندوں کے ساتھ مقیم دو خواتین کو حراست میں لے لیا ہے۔

خیال رہے کہ کراچی میں حالیہ چند روز میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے مشتبہ شدت پسندوں کے خلاف کارروائیوں میں تیزی آئی ہے۔

گذشتہ روز بھی کراچی میں رینجرز کے ساتھ ایک مبینہ مقابلے میں پانچ مشتبہ دہشت گرد ہلاک ہوئے تھے۔

جبکہ دو روز قبل رینجرز نے ایک کارروائی میں بلوچ علیحدگی پسند تنظیم بلوچستان لبریشن آرمی کے تین کارکن ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔