کراچی پولیس ایک بار پھر نشانے پر، چار اہلکار ہلاک

- مصنف, احمد رضا
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
پاکستان کے شہر کراچی میں پولیس کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے چار پولیس اہلکاروں کو ہلاک کر دیا ہے۔
کراچی ضلع شرقی کے ڈی آئی جی پولیس منیر شیخ نے بی بی سی اردو کو بتایا کہ واقعہ بدھ کو کورنگی کے علاقے زمان ٹاؤن میں پیش آیا۔
ان کے مطابق حملہ آوروں نے پولیس کی ایک موبائل پر فائرنگ کی اور ہوٹل پر بیٹھے ہوئے پولیس اہلکاروں کو بھی نشانہ بنایا۔
منیر شیخ کے مطابق اس حملے میں چار اہلکار ہلاک اور چار زخمی ہوگئے جن میں ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر بھی شامل ہے۔
تاحال کسی تنظیم کی جانب سے اس کارروائی کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی ہے۔
شہر میں رواں برس 50 سے زیادہ پولیس افسران اور اہلکاروں کو نشانہ بنا کر ہلاک کیا جا چکا ہے۔
ہلاک ہونے والے پولیس اہلکاروں میں ایک سابق جیل سپرنٹنڈنٹ اور متعدد ڈی ایس پیز اور ایس ایچ او بھی شامل ہیں۔
کراچی میں شدت پسندوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشن کے آغاز کے بعد سے سکیورٹی اہلکاروں پر حملوں میں اضافہ ہوا ہے اور ان میں سے کئی حملوں کی ذمہ داری شدت پسند کالعدم تنظیم تحریکِ طالبان نے قبول کی تھی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
رینجرز اور پولیس اہلکار کراچی کے مختلف علاقوں اور مضافات میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر شدت پسندوں اور کالعدم تنظیموں کے ارکان کے خلاف کارروائیاں کرتے رہے ہیں۔
رینجرز نے پچھلے ماہ ایک رپورٹ میں کہا تھا کہ آپریشن کے دوران دہشتگردی اور دیگر جرائم کے دس ہزار سے زیادہ ملزمان گرفتار ہوئے جبکہ مقابلوں میں 364 مشتبہ جرائم پیشہ افراد مارے گئے۔







