کراچی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ، ڈی ایس پی سمیت دو ہلاک

،تصویر کا ذریعہGetty
پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں نامعلوم حملہ آوروں کی جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں ڈی ایس پی ذولفقار زیدی اور ایک شہری ہلاک ہو گئے ہیں۔
خیال رہے کہ کراچی میں گذشتہ جمعے کو بھی ڈی ایس پی سمیت تین پولیس اہلکار ہلاک ہوئے تھے اور اس حملے کی ذمہ داری کالعدم تنظیم تحریکِ طالبان پاکستان نے قبول کی تھی۔
کراچی میں شاہ فیصل تھانے کے سب انسپکٹر اعجاز احمد خان نے بی بی سی کو بتایا کہ ڈی ایس پی ذولفقار زیدی اپنے ایک دوست کے ہمراہ شاہ فیصل کالونی نمبر 2 کے مکہ ہوٹل میں بیٹھے ہوئے تھے جب ان پر نامعلوم موٹرسائکل سواروں نے حملہ کر دیا۔
انھوں نے بتایا کہ ڈی ایس پی ذولفقار زیدی موقع پر ہلاک ہو گئے۔ جبکہ واقعے میں ایک شہری بھی ہلاک ہوا۔
سب انسپٹکر اعجاز احمد خان کا کہنا تھا کہ ابھی تفصیلات نہیں مل سکتیں اور نہ ہی سرچ آپریشن کے دوران کوئی گرفتاری عمل میں آئی ہے۔
’کوئی کہہ رہا ہے کہ موٹرسائیکل پر دو حملہ آور آئے تھے، اور کوئی کہہ رہا ہے کہ دو موٹرسائیکلوں پر چار حملہ آور تھے۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ان کا کہنا تھا کہ جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پسٹل کے 15 راؤنڈز ملے ہیں۔
پولیس کے مطابق ذولفقار زیدی ان دنوں سندھ ہائی کورٹ میں سکیورٹی انچارج کے فرائض سرانجام دے رہے تھے۔
اس سے قبل سنیچر کی صبح پاکستان کے سرکاری ریڈیو نے خبر دی تھی کہ کراچی کے علاقے ناظم آباد میں ایک ڈاکٹر سمیت دو افراد نامعلوم افراد کے حملے میں ہلاک ہوگئے ہیں۔







