’کراچی میں یومِ آزادی پر دہشت گردی کا منصوبہ ناکام‘

،تصویر کا ذریعہAFP GETTTY
پاکستانی فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کراچی کو 14 اگست کے موقع پر نشانہ بنانے کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے بدھ کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق کراچی میں خفیہ اطلاعات پر سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران ملک کے یوم آزادی کے موقع پر دہشت گردی کے منصوبے کو ناکام بنایا گیا ہے۔
بیان کے مطابق کارروائی کے دوران کراچی میں تحریک طالبان سوات کے نائب امیر بخت زمان سمیت کئی اہم ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
جاری کردہ تفصیلات کے مطابق ملزمان گذشتہ کچھ عرصے سے منصوبہ بندی میں مصروف تھے اور انھوں نے یوم آزادی کے موقع پر بارود سے بھری ایک گاڑی اور موٹر سائیکل تیار کی ہوئی تھی۔
بیان کے مطابق حراست میں لیے گئے ملزمان نے تفتیش کے دوران بتایا کہ اس گاڑی اور موٹرسائیکل کا بندوبست کراچی میں ہی کیا گیا تھا اور اب وہ افغانستان سے خودکش بمبار کا انتظار کر رہے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں کالعدم تحریک طالبان سوات کے امیر اسی مقصد کے لیے افغانستان گئے ہوئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ خفیہ اطلاعات پر سکیورٹی اداروں نے اس گروہ کی کئی ہفتوں تک نگرانی کی اور نو اگست کو ان کی گرفتاری کے لیے حیدرآباد اور کراچی میں آپریشن کیا گیا۔
اس دوران ایک ہائی روف وہیکل اور موٹرسائیکل بھی قبضے میں لے لی گئی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







