ن لیگ کا قانونی عدالت کی بجائے عوامی عدالت میں جانے کا فیصلہ

- مصنف, آصف فاروقی
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
پاکستان کی حکمران جماعت مسلم لیگ ن نے اعلان کیا ہے کہ وہ انتخابی ٹریبیونل کے ان فیصلوں کے خلاف عدالت میں اپیل دائر نہیں کرے گی جن کی وجہ سے حکمران جماعت کے دو ارکان قومی اسمبلی کی نشستوں پر دوبارہ انتخاب کا حکم دیا گیا ہے۔
یہ فیصلہ جمعرات کو وزیراعظم نواز شریف کی زیرِ صدارت ہونے والے ایک اجلاس میں کیا گیا کہ این اے 122 اور این اے 154 پر ضمنی انتخاب کی راہ ہموار کرنے کے لیے ان حلقوں کے بارے میں ٹریبیونل کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر نہیں کی جائے گی۔
اس فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے وزیرِ اطلاعات پرویز رشید نے کہا کہ سابق سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اسی حلقے سے دوبارہ انتخاب میں حصہ لیں گے جبکہ صدیق بلوچ چونکہ جعلی ڈگری رکھنے کی وجہ سے انتخابی عمل میں حصہ لینے کے لیے نااہل قرار دیے جا چکے ہیں لہٰذا اس معاملے کے قانونی پہلوؤں کو بھی پیش نظر رکھا جائے گا۔
ایاز صادق نے مئی 2013 میں ہونے والے عام انتخابات میں اس حلقے سے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو شکست دی تھی جبکہ صدیق بلوچ کے ہاتھوں تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل جہانگیر ترین شکست سے دو چار ہوئے تھے۔
تحریک انصاف کے دونوں امیدواروں نے دونوں حلقوں کے انتخابی نتائج کو الیکشن ٹریبیونل میں چیلنج کر رکھا تھا اور ڈھائی برس کی سماعت کے بعد حال ہی میں ان دونوں ٹریبیونلز نے تحریک انصاف کے امیدواروں کے حق میں فیصلہ دیا تھا۔

،تصویر کا ذریعہAFP
جمعرات کے روز وزیراعظم نواز شریف کی صدارت میں مسلم لیگ ن کے مشاورتی اجلاس کے بارے میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیراطلاعات پرویز رشید نے کہا کہ حکومت نے دونوں فیصلوں کو قانونی عدالت کے بجائے عوامی عدالت کے سامنے لے جانے کا فیصلہ کیا ہے۔
’ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم اب عوامی عدالت میں جائیں گے اور یہ جنگ اب انتخابی میدان میں لڑی جائے گی جہاں عمران خان ایک بار پھر ایاز صادق کے ہاتھوں شکست سے دوچار ہوں گے۔‘
مسلم لیگ ن نے تو اس حلقے سے ایاز صادق کو اپنا امیدوار مقرر کیا ہے لیکن ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ تحریک انصاف عمران خان ہی کو انتخابی میدان میں بھیجے گی یا ان کی جگہ کوئی دوسرا امیدوار سامنے لایا جائے گا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اگر عمران خان اسی حلقے سے دوبارہ انتخاب لڑتے ہیں تو انھیں اس سے پہلے راولپنڈی سے اپنی جیتی ہوئی نشست خالی کرنا ہو گی۔ اس صورت میں راولپنڈی میں بھی ضمنی انتخاب منعقد کیا جائےگا۔
وزیراطلاعات پرویز رشید نے کہا کہ ہری پور میں حال ہی میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں تحریک انصاف کو جتنی بری شکست ہوئی ہے اس کی بنیاد پر مسلم لیگ ن کو قوی امید ہے کہ ان دونوں حلقوں میں بھی شکست ہی تحریک انصاف کا مقدر ہو گی۔







