کیمبرج کے امتحانات میں ملالہ یوسفزئی کی نمایاں کامیابی

،تصویر کا ذریعہGetty
لڑکیوں کی تعلیم کے لیے آواز اُٹھانے والی پاکستانی طالبہ ملالہ یوسفزئی نے کیمبرج کے امتحان میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
انھوں نے دس مضامین میں چھ میں اے سٹار گریڈ اور چار میں اے گریڈ لیا ہے۔
ملالہ کے والد ضیا الدین یوسفزئی نے ٹوئٹر پر ملالہ کیمبرج امتحان میں ملالہ کے نتیجے کی تفصیلات جاری کی ہیں۔
ضیاالدین یوسفزئی نے ٹویٹ کی کہ ’میں اور میری اہلیہ طور پکئی کو ملالہ کے چھ مضامین میں اے پلس اور چار مضامین میں اے گریڈ لینے پر فخر ہے۔‘
انھوں نے بتایا کہ ملالہ یوسفزئی نے جی سی ایس ای کے امتحان میں ریاضی کے دو پرچوں کے علاوہ کیمیا، طبعیات، حیاتیات اور مذہبی تعلیم کے پرچوں میں اے سٹار گریڈ حاصل کیا۔
اس کے علاوہ وہ تاریخ، جغرافیہ اور انگریزی زبان اور انگریزی ادب کے پرچوں میں اے گریڈ میں پاس ہوئیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
طالبان نے سنہ 2012 میں پاکستان کے علاقے سوات میں ملالہ یوسفزئی پر قاتلانہ حملے کیا تھا جس میں وہ شدید زخمی ہو گئی تھیں۔
لڑکیوں کی تعلیم کے لیے کی جانے والی خدمات پر ملالہ یوسفزئی کو گذشتہ سال امن کا نوبل انعام دیا گیا تھا۔ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والی کم عمر ترین شخص ہیں۔
18 سالہ ملالہ یوسفزئی ان دنوں برطانیہ کے شہر برمنگھم کے سکول میں زیر تعلیم ہیں۔ کیمبرج امتحانات میں انھوں نے سائنس کے مضامین میں بہترین کارکردگی دکھائی۔ ملالہ نے فزکس، کیمسٹری اور بیالوجی میں اے پلس گریڈ حاصل کیا۔
ملالہ نے تاریخ، جغرافیہ اور انگریزی اور انگریزی ادب کے مضامین میں بھی اے پلس گریڈ لیا ہے۔
سوات میں طالبان کے قبضے کے دوران ملالہ نے بی بی سی اردو پر ’گل مکئی‘ کے نام سے ڈائری لکھی تھی، جس میں سوات کا احوال بیان کیا جاتا تھا۔
سوات میں طالبان کے قبضے کے دوران شدت پسندوں نے لڑکیوں کے تعلیمی اداروں کو نذرِ آتش کر دیا تھا۔
اکتوبر سنہ 2012 میں طالبان کے حملے میں شدید زخمی ہونے کے بعد ملالہ یوسفزئی کو علاج کے لیے برطانیہ منتقل کیا گیا۔ وہ ابھی تک برطانیہ ہی میں قیام پذیر ہیں۔







