باراتیوں کی بس میں آتشزدگی سے کم سے کم 11 ہلاک کئی زخمی

اطلاعات کے مطابق بجلی کی تاریں بس کی چھت پر گرنے کی وجہ سے بس میں آگ لگ گئی

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشناطلاعات کے مطابق بجلی کی تاریں بس کی چھت پر گرنے کی وجہ سے بس میں آگ لگ گئی

پاکستان کے صوبہ سندھ کے ضلع دادو میں ایک بس میں آگ لگنے سے بس میں سوار 11 افراد جل کر ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ 40 سے زیادہ افراد زخمی ہیں۔

ہلاک ہونے والوں میں سات خواتین سمیت تین بچے بھی شامل ہیں۔ مقامی حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق شادی میں شرکت کے لیے جانے والے افراد کی بس میں ضلع دادو کے علاقے خیر پور تاتھن شاہ سے گزر رہی تھی کہ اُس میں آگ لگ گئی۔

اطلاعات کے مطابق بجلی کی تاریں بس کی چھت پر گرنے کی وجہ سے بس میں آگ لگ گئی۔

مقامی حکام کا کہنا ہے کہ باراتیوں کی بس خیر پور ناتھن شاہ کے بائی بس سے گزر رہی تھی کہ بجلی فراہم کرنے والی ہائی پاور تاریں بس پر گری اور بس میں آگ لگ گئی۔ جس سے بس میں سوار کئی افراد جھلس گئے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ کئی افراد نے بس سے چھلانگ لگا کر اپنی جان بچائی۔زخمیوں کو مہر اور لاڑکانہ کے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔

وزیراعظم نواز شریف نے آتشزدگی کے حادثے میں جل کر ہلاک ہونے والوں خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے کہ اور مقامی حکام کو ہدایت کی ہے کہ زخمیوں کی ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں۔