’دفاعی اخراجات میں اضافہ پاکستانی معیشت کے لیے خطرہ‘

رپورٹ کے مطابق پاکستان میں توانائی کی صورتحال اور سکیورٹی کے مسائل کی وجہ سے کاروبار کے لیے ماحول ساز گار نہیں ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنرپورٹ کے مطابق پاکستان میں توانائی کی صورتحال اور سکیورٹی کے مسائل کی وجہ سے کاروبار کے لیے ماحول ساز گار نہیں ہے
    • مصنف, سارہ حسن
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد

ایشائی ترقیاتی بینک کا کہنا ہے کہ جنوبی ایشیا میں پاکستان کی اقتصادی شرح نمو خطے کے دوسرے ممالک کے مقابلے میں سب سے کم ہے اور بھارتی معشیت پورے خطے کے لیے ’ڈرائیونگ فورس‘ کی حثیت رکھتی ہے۔

اسلام آباد ایشائی ترقیاتی بینک کی سالانہ جائزہ رپورٹ ’ایشین ڈوپلمنٹ آوٹ لوک 2015 ‘ کا اجرا کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال میں پاکستان کی اقتصادی ترقی کی شرح 4.2 فیصد رہنے کا امکان ہے جو کہ جنوبی ایشائی خطے میں سب سے کم ہے جبکہ مالی سال کے آخر تک مہنگائی کی شرح تقریبا چھ فیصد تک ہو گی۔

رپورٹ کے مطابق بھارت کی اقتصادی ترقی کی شرح 7.8 فیصد رہنے کا امکان ہے جو کہ چین سے بھی زیادہ ہے۔

جائزہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں سے کمی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستان کو اصلاحات پر توجہ دینا ہو گی نہیں تو پائیدار اقتصادی ترقی کا حصول ناممکن ہے۔

رپورٹ نے تجویز کیا ہے کہ پاکستان کو توانائی کے شعبے میں اصلاحات، ٹیکسوں کا دائرکار وسیع کرنے اور خسارے کا شکار حکومتی اداروں کی نجکاری کرنا ہو گی۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر نے رپورٹ کے اجرا کے موقع پر کہا کہ پاکستان میں امن و امان کی مسائل کی وجہ سے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال نہیں ہو سکا ہے اور ملک میں دہشت گردوں کے خلاف جاری فوجی آپریشن کی وجہ سے دفاعی اخراجات میں اضافہ ہوا، جو عوام کی فلاح و بہبود اور اہم منصوبوں کے لیے مختص فنڈ پر اثرانداز ہوئے ہیں۔

بینک کا کہنا ہے کہ پاکستان میں توانائی کے شعبے میں گردشی قرضوں کا بڑھنا، ٹیکسوں کی آمدن میں کمی اور سکیورٹی پر آنے والے کثیر اخراجات مستقبل میں پاکستانی معیشت کے لیے خطرہ ثابت ہو سکتے ہیں۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کا کہنا ہے کہ پاکستان میں توانائی کی صورتحال اور سکیورٹی کے مسائل کی وجہ سے کاروبار کے لیے ماحول ساز گار نہیں ہے اور پاکستان کو توانائی کے شعبے میں اصلاحات بہتر بنانا ہوں گی تاکہ پیدواری شعبے ترقی کر سکے اور ملازمت کے مواقع پیدا ہوں۔

پاکستان میں بینک کے سربراہ ورنر لائی پیچ نے کہا ’ہمارے خیال میں پاکستان کی معیشت کو زیادہ ترقی کرنا ہوگی۔غربت کے خاتمے کے لیے ملازمت کے مواقع پیدا کرنے اور سرمایہ کاری کے لیے ماحول سازگار بنانا ہوگا اور اقتصادی ترقی کا انحصار پالیسوں کے تسلسل اور اصلاحات پر ہے۔‘

رپورٹ کے مطابق پاکستان میں تیل کی قیمتیں گرنے سے مہنگائی کم ہوئی ہے جو اقتصادی ترقی کے لیے ایک مثبت اقدام ہے۔

رپورٹ میں تجویز کیا گیا ہے کہ تیل کی قیمتوں میں کمی کے اس سنہری موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے حکومت توانائی اور ٹیکسوں کے نظام میں اصلاحات کرے نہیں تو پاکستان کی معشیت کو یہ سنہری موقع نقصان پہنچا سکتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان میں تیل کی قیمتیں گرنے سے مہنگائی کم ہوئی ہے جو اقتصادی ترقی کے لیے ایک مثبت اقدام ہے
،تصویر کا کیپشنرپورٹ کے مطابق پاکستان میں تیل کی قیمتیں گرنے سے مہنگائی کم ہوئی ہے جو اقتصادی ترقی کے لیے ایک مثبت اقدام ہے

بینک کے پاکستان میں سربراہ نے بتایا کہ بھارت نے اقتصادی اصلاحات متعارف کروائیں، جس سے اب بھارتی معشیت مستحکم رفتار سے ترقی کر رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’بھارت کی اصلاحات پاکستان کے لیے ماڈل ہیں۔‘

سالانہ جائزہ رپورٹ کے مطابق تیل کی قیمتوں میں کمی سے ایشیائی ممالک کو فائدہ ہوا ہے اور پاکستان سمیت خطے کے دوسرے ممالک میں مہنگائی کم ہوئی ہے۔