اے ڈی بی سے چار ارب ڈالر قرضہ

پانی
،تصویر کا کیپشناے ڈی بی کا قرضہ پانی و بجلی کے نظام کو بہتر بنانے پر بھی خرچ ہوگا
    • مصنف, احمد رضا
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے لیے لگ بھگ ساڑھے چار ارب ڈالر کے قرضے کے ایک پانچ سالہ پروگرام کی منظوری دی ہے جس کا مقصد ملک میں بجلی کے نظام، سڑکوں، پینے کے پانی اور گندے پانی کے نکاسی کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانا ہے۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کے ایک اعلامیے کے مطابق بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے اس پروگرام کی منظوری دیدی ہے جو کہ بینک اور پاکستان کے مابین حکمت عملے کے اعتبار سے ایک اہم پارٹنرشپ ہے۔

کنٹری پارٹنرشپ سٹریٹیجی (سی پی ایس) نامی پروگرام کے تحت بینک رواں مالی سال سے 2013 تک پاکستان کو چار اعشاریہ چار ارب ڈالر قرض دے گا۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کے پاکستان میں تعینات ڈائریکٹر رون سٹروئم کا کہنا ہے کہ یہ پروگرام پاکستان کی معاشی ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹوں کے سدباب کے ذریعے غربت کے خاتمے اور خوشحالی کی جدوجہد میں مددگار ثابت ہوگا۔

' اصلاحات کے لیے حکومت کے ایجنڈے کی مدد کرنے اور توانائی، ٹرانسپورٹ اور شہری انفرا اسٹرکچر کو بہتر بنانے سے ملک میں کاروبار پر آنے والی لاگت کم کرنے میں مدد ملے گی اور معیشت کی کارکردگی بھی بہتر ہوسکے گی۔‘

اعلامیے کے مطابق اس پروگرام کے تحت بجلی کی پیداوار اور ترسیل کے نظام کو بہتر بنانے کے منصوبوں پر عمل کیا جائے گا تاکہ اگلے تین سالوں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں تیس فیصد کمی لائی جائے اور 2013 تک ملک کی ستر فیصد آبادی تک بجلی پہنچائی جاسکے۔ اس وقت ساٹھ فیصد آبادی کو بجلی میسر ہے۔

اسی طرح پروگرام کے تحت ملک میں سڑکوں کے نظام کو بہتر بنایا جائے گا تاکہ سفر کی لاگت اور وقت کو کم کیا جاسکے جبکہ شہروں اور قصبوں میں پینے کے پانی اور نکاسی آب اور ٹرانسپورٹ کے نظام کی حالت بھی بہتر بنائی جائے گی۔

معاشی ماہر اسد سعید کا کہنا ہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کا یہ پروگرام عالمی برادری کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کی بحالی کا ایک اہم عندیہ ہے جو کچھ برسوں سے تعطل کا شکار تھی۔