گجرات: تفتیش کے دوران ’توہین مذہب‘ کرنے پر ملزم قتل

،تصویر کا ذریعہGetty
- مصنف, شہزاد ملک
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے وسطی شہر گجرات میں ایک پولیس افسر نے ایک زیر حراست ملزم کو تفتیش کے دوران مبینہ طور پر توہین مذہب کرنے پر اسے گردن اور سر پر کلھاڑی کے وار کر کے اسے موت کے گھاٹ اُتار دیا۔
پولیس نے پولیس اہلکار کو گرفتار کر کے اُس کے قبضے سے آلۂ قتل برآمد کر لیا ہے۔
مقامی انتظامیہ کے مطابق پولیس حکام کی جانب سے قانونی دستاویزات نہ ملنے کی وجہ سے ابھی تک مقتول کا پوسٹ مارٹم نہیں ہو سکا اور نہ ہی اس ضمن میں میڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیا ہے۔
مقامی پولیس کے مطابق تھانہ سول لائن پولیس نے لڑائی جھگڑے کے الزام میں ضلع جھنگ کے رہائشی طفیل حیدر نقوی نامی شخص کو بدھ کی شب حراست میں لیا تھا۔
مقامی تھانہ سول لائن کے ایس ایچ او محمد عامر کے مطابق لڑائی جھگڑے کے اس واقعے کی تفتیش اسسٹنٹ سب انسپکٹر فراز نوید کو دے دی گئی اور طفیل حیدر نقوی کو مذکورہ پولیس افسر کی تحویل میں دیا گیا۔
ایس ایچ او کے بقول طفیل حیدر کا ذہنی توازن درست نہیں تھا اور وہ ہر کسی کو گالیاں دیتا رہتا تھا۔ اُنھوں نے کہا کہ تفتیش کے دوران طفیل حیدر نے صحابۂ کرام کی شان میں گُستاخانہ الفاظ کہے تھے، جس پر تفتیشی پولیس افسر کو غصہ آ گیا اور اُنھوں نے کمرے میں رکھی کلھاڑی کے وار کر کے طفیل حیدر نقوی کو موت کے گھاٹ اُتار دیا۔
بی بی سی کے استفسار پر تھانہ سول لائن کے انچارج کا کہنا تھا کہ پولیس اس معاملے کی چھان بین کر رہی ہے کہ اس سے پہلے مقتول طفیل حیدر کے خلاف توہین مذہب کا کوئی مقدمہ تو درج نہیں ہے۔
محمد عامر کے مطابق طفیل حیدر کا ذہنی توازن درست نہیں ہے اور وہ کچھ عرصہ دماغی مریضوں کےہسپتال میں زیر علاج رہا ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ مقتول جھنگ سے گجرات دینی تعلیم حاصل کرنے آیا تھا لیکن گجرات میں شیعہ مسلک سے تعلق رکھنے والے ایک مدرسے کے منتظمین نے اُنھیں داخلہ دینے سے انکار کر دیا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
پولیس افسر کے مطابق اس مدرسے کے ذمہ داروں نے اس ضمن میں تحریری بیان دیا ہے۔
مقتول طفیل حیدر کی میت کو سول ہسپتال کے مردہ خانے میں رکھ دیا گیا ہے اور ابھی تک پوسٹ مارٹم نہیں ہو سکا۔
سول ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹینڈنٹ محمد واجد نے بی بی سی کو بتایا کہ چونکہ ایک شخص کی موت پولیس کی تحویل میں ہوئی ہے اس لیے اس کے پوسٹ مارٹم کے لیے میڈیکل بور ڈ تشکیل دیا جائے گا۔
اُنھوں نے کہا کہ ابھی تک پولیس کی طرف سے قانونی کارروائی مکمل نہیں ہو سکی جس کی وجہ سے میڈیکل بورڈ تشکیل نہیں دیا جا سکا۔
ضلع گجرات کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر ڈاکٹر عابد غوری نے بی بی سی کو بتایا کہ ابھی تک ضلعی انتظامیہ کی طرف سے اُنھیں میڈیکل بورڈ تشکیل دینے سے متعلق احکامات موصول نہیں ہوئے۔
یاد رہے کہ اس سے پہلے پنجاب پولیس کے اہلکار ممتاز قادری نے توہین مذہب کے الزام میں موت کی سزا پانے والی خاتون آسیہ بی بی سے ملاقات کی پاداش میں پنجاب کے گورنر سلمان تاثیر کو اسلام آباد میں موت کے گھاٹ اُتار دیا تھا۔
راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ممتاز قادری کو موت کی سزا سُنا رکھی ہے۔
اس کے علاوہ راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے ایک اہلکار نے توہین مذہب کےمقدمے میں موت کی سزا پانے والے برطانوی شہری راجہ اصغر کو جیل کے اندر حملہ کر کے زخمی کر دیا تھا۔







