لاہور: مسجد کی چھت منہدم، ہلاکتیں 22 ہوگئیں

،تصویر کا ذریعہReuters
- مصنف, مناء رانا
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور
لاہور کے نواحی علاقے دروغہ والا میں نمازِ ظہر کے دوران مسجد کی چھت نمازیوں پر گرنے سے ہلاکتوں کی تعداد 22 ہو گئی ہے جبکہ مزید لاشوں یا ملبے میں دبے افراد کی تلاش جاری ہے۔
لاہور کے نواحی علاقے دروغہ والا میں ایک تنگ گلی میں بنی ہوئی دو منزلہ مسجد کی چھت اس وقت نمازیوں پر آ گری جب وہ نماز ظہر ادا کر رہے تھے۔
حادثے کے وقت مسجد میں کتنے نمازی موجود تھے اس کا اندازہ لگانا مشکل ہے، تاہم عینی شاہدین بچوں سمیت 30 سے 40 افراد کی موجودگی کا بتا رہے ہیں۔
ریسکیو کی ٹیمیں جائےوقوعہ پر پہنچیں تاہم تنگ راستوں کی وجہ سے بھاری مشینری اندر داخل نہ ہو سکی اور چھوٹے آلات کے ذریعے چھت کاٹ کر متاثرین کو نکالنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
شام تک دس افراد کو نکالا گیا جن میں سے نو دم توڑ چکے تھے۔
ریسکیو کے کام کی نگرانی کرنے والے افسر ڈاکٹر رضوان ساجد نے بتایا کہ لاشیں نکالنے کا کام جاری ہے تاہم مسجد میں کتنے افراد تھے اس کا صحیح اندازہ نہیں لگایا جا سکتا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے اس واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے زخمیوں کو علاج کی سہولتیں فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔
آخری اطلاعات آنے تک ریسکیو کی ٹیمیں ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کی کوششوں میں مصروف تھیں تاہم شام ہو جانے کے سبب انھیں ریسکیو کے کاموں میں مشکلات کا سامنا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
یاد رہے کہ حالیہ بارشوں کے سبب صوبہ پنجاب میں چھتوں کے گرنے سے متعدد ہلاکتیں ہوئی ہیں۔







