بلاگر رضا رومی کی گاڑی پر فائرنگ، ڈرائیور ہلاک

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر لاہور میں نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے اینکر پرسن اور بلاگر رضا رومی کی گاڑی پر فائرنگ سے ان کا ڈرائیور ہلاک ہوگیا ہے۔
حملے کے فوراً بعد رضا رومی نے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا کہ: ’مجھ پر راجا مارکیٹ میں فائرنگ کی گئی۔ میرا ڈرائیور زخمی ہے۔ مجھے اسی دن کا ڈر تھا۔‘
رضا رومی نے بی بی سی کے طاہر عمران سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’میں اپنے ڈرائیور اور محافظ کے ساتھ کار میں تھا جب اس پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں جلدی سے نیچے ہوا اور اس دوران گولی میرے ڈرائیور اور محافظ کو لگی۔‘
رضا رومی نے تصدیق کی کہ ان کے ڈرائیور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گئے جبکہ ان کے محافظ شدید زخمی ہیں۔
رضا رومی مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاکستان میں سرگرم افراد میں سے ایک ہیں۔ اس کے علاوہ وہ ملکی سیاسی اور سماجی معاملات پر مختلف اخبارت میں کالم لکھنے کے علاوہ بلاگ بھی لکھتے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہRaza Rumi Twitter
وہ ایکسپریس نیوز پر ٹی وی شو ’خبر سے آگے‘ پیش کرتے ہیں اور اس واقعے کے وقت وہ اپنا شو ختم کر کے جا رہے تھے۔
خیال رہے کہ ایکسپریس نیوز چینل کو ماضی میں بھی شدت پسندی کا کارروائیوں کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔
رواں برس کے آغاز میں کراچی میں چینل کی ایک ڈی ایس این جی وین پر فائرنگ سے عملے کے تین ارکان ہلاک ہوئے تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس سے قبل گذشتہ برس بھی پہلے اگست اور پھر دسمبر کے مہینوں میں کراچی میں ہی ادارے کے مرکزی دفتر پر کو نشانہ بنایا گیا تھا اور حملہ آوروں نے دستی بموں سے حملے کے علاوہ فائرنگ بھی کی تھی۔
رضا رومی کی گاڑی پر فائرنگ کی ذمہ داری تو تاحال کسی گروپ نے قبول نہیں کی ہے تاہم ماضی میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے ایکسپریس کے دفتر پر حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ حملہ ان کی تنبیہی کارروائیوں کا حصہ ہے۔







