کراچی:ٹی وی چینل کی وین پر فائرنگ، تین ہلاک

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
- مصنف, ریاض سہیل
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں ایکسپریس نیوز چینل کی ایک ڈی ایس این جی وین پر فائرنگ سے عملے کے تین ارکان ہلاک ہوگئے ہیں۔
ایس ایس پی وسطی عامر فاروقی کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ جمعہ کی شام ناظم آباد کے علاقے میں پیش آیا۔
انھوں نے بتایا کہ ’ایکسپریس گروپ‘نے شہر میں مختلف پوائنٹس بنائے ہیں جہاں ان کی ڈی ایس این جی ویگنیں کھڑی رہتی ہیں اور ایسا ہی ایک پوائنٹ بورڈ آفس کے پاس تھا۔
عامر فاروقی کے مطابق بنارس کی جانب سے موٹر سائیکل پر کچھ افراد آئے اور انھوں نے ویگن پر فائرنگ کر دی جس سے ڈرائیور، ٹیکنیشن اور ایک محافظ ہلاک ہوگئے۔
ہلاک ہونے والے افراد کی لاشیں عباسی شہید ہپستال منتقل کی گئی ہیں۔
ادھر’ایکسپریس نیوز چینل‘ کا کہنا ہے کہ ویگن کے عملے میں ایک کیمرہ مین بھی موجود تھا جو دور ہونے کی وجہ سے محفوظ رہا۔
خیال رہے کہ یہ ’ایکسپریس نیوز‘ پر کراچی میں تیسرا حملہ ہے اس سے پہلے گذشتہ سال دو بار اگست اور دسمبر میں ادارے کے مرکزی دفتر پر فائرنگ اور کریکر کے دھماکے کیے گئے تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
سندھ کے صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ یہ قابل تشویش امر ہے کہ آخر’ایکسپریس نیوز‘ کو مسلسل کیوں نشانہ بنایا جا رہا ہے؟
انھوں نے کہا کہ حکومت نے آئی جی سندہ پولیس کو ہدایت کی ہے کہ وہ تحقیقات کریں کہ’ایکسپریس نیوز‘سے کس کو تکلیف پہنچ رہی ہے؟
پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ نے واقعے کے خلاف سنیچر کو ملک بھر میں احتجاج کا اعلان کیا ہے۔
خیال رہے کہ صحافیوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی عالمی تنظیم رپورٹرز ود آؤٹ بارڈرز نےگذشتہ ماہ ہی اپنی سالانہ رپورٹ میں پاکستان کو صحافیوں کے لیے پانچ خطرناک ترین ممالک میں سے ایک قرار دیا تھا۔







