’بلاول بھٹو کو لشکرِ جھنگوی کی دھمکیاں‘

،تصویر کا ذریعہAFP
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ انھیں کالعدم شدت پسند تنظیم لشکرِ جھنگوی کی جانب سے دھمکیاں دی گئی ہیں۔
جمعرات کو مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ انھیں لشکرِ جھنگوی کی جانب سے دھمکی آمیز خط ملا ہے۔
بلاول نے یہ بھی کہا کہ اگر شریف (نواز اور شہباز شریف) اس تنظیم کو تحفظ دیتے اور ان کے خلاف کارروائی کرنے سے انکاری رہے تو وہ لشکرِ جھنگوی کے حملوں کی ذمہ دار پنجاب حکومت کو سمجھیں گے۔
اپنے ایک اور ٹویٹ میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے واضح کیا کہ یہ دھمکی صرف ان کے لیے نہیں ہے بلکہ ان کی جماعت اور حکومتِ سندھ کے علاوہ پولیس اور رینجرز کے افسران کے لیے بھی ہے۔
ادھر پاکستانی ذرائع ابلاغ کے مطابق وزیراعلٰی پنجاب شہباز شریف نے بلاول بھٹو کے بیان کا نوٹس لیتے ہوئے معاملے کی تحقیقات کی ہدایت جاری کر دی ہیں۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق وزیراعلٰی پنجاب نے پنجاب کے آئی جی پولیس کو بلاول سے رابطہ کرنے کی ہدایت بھی دی ہے۔

،تصویر کا ذریعہOther
خیال رہے کہ بلاول بھٹو گذشتہ چند ماہ میں طالبان کی کھلے عام مذمت کرنے والے سیاستدان کے طور پر سامنے آئے ہیں۔
گذشتہ دسمبر میں اپنی والدہ بینظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر اپنے باقاعدہ سیاسی کریئر کی افتتاحی تقریر میں انھوں نے تحریک طالبان پاکستان کے خلاف ’اعلانِ جنگ‘ کیا تھا اورگذشتہ ماہ سندھ فیسٹیول کے اختتام پر اپنے خطاب میں کہا تھا کہ طالبان پاکستان کو اسلام کے نام پر پتھر کے دور میں لے جانا چاہتے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس سے قبل بی بی سی سے خصوصی بات چیت میں بھی وہ کہہ چکے ہیں کہ ملک کے کچھ سیاستدان خوفزدہ اور بزدل ہیں اور وہ دہشت گردوں اور شدت پسندوں کے خلاف کارروائی کے معاملے پر جان بوجھ کر قوم کو مغالطے میں ڈال رہے ہیں۔
خیال رہے کہ لشکرِ جھنگوی کا قیام 1990 کی دہائی میں عمل میں آیا تھا۔
پولیس کے مطابق یہ کالعدم تنظیم شیعہ مسلک کے افراد کے وسیع پیمانے پر قتل میں ملوث رہی ہے اور اب اس کے روپوش کارکنوں کے تعلق تحریک طالبان سے استوار ہو چکے ہیں۔







