پشاور:ورکشاپ میں دھماکہ، چھ افراد ہلاک

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
- مصنف, رفعت اللہ اورکزئی
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں ہونے والے دھماکے میں کم از کم چھ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
مقامی پولیس کے مطابق یہ دھماکہ جمعرات کی سہ پہر کوہاٹ روڈ پر واقع سکیم چوک میں ہوا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ دھماکہ گاڑیاں مرمت کرنے والی ایک ورکشاپ میں کھڑی سفید رنگ کی گاڑی میں ہوا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکہ خیز مواد گاڑی میں نصب تھا اور اس سلسلے میں تحقیقات کی جا رہی ہیں کہ گاڑی وہاں کیسے پہنچی۔
اس دھماکے میں اب تک پولیس نے چھ افراد کی ہلاکت اور تین کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔
دھماکے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جب کہ امدادی اہل کاروں نے زخمیوں اور لاشوں کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔
سکیم موڑ پشاور کا ایک گنجان آباد علاقہ ہے اور یہاں کئی ورکشاپیں بھی موجود ہیں جہاں کھڑی گاڑیوں کو بھی اس دھماکے سے نقصان پہنچا ہے۔
خیال رہے کہ پشاور کئی برسوں سے شدت پسندی کا نشانہ بنا ہوا ہے اور ان واقعات میں عام شہریوں، مساجد، امام بارگاہوں اور سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







