آرمی چیف، چیئرمین جوائنٹ چیفس کی تعیناتی ایک ساتھ

آرمی چیف اور چیئرمین جے سی ایس سی کے عہدوں پر تعیناتی کا فیصلہ غور و غوص کے بعد اکھٹا کیا جائے گا
،تصویر کا کیپشنآرمی چیف اور چیئرمین جے سی ایس سی کے عہدوں پر تعیناتی کا فیصلہ غور و غوص کے بعد اکھٹا کیا جائے گا

پاکستان کے وزیراعظم کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہاگیا ہے کہ ملک کی بری فوج کے نئے سربراہ اور مسلح افواج کے اعلیٰ ترین عہدیدار چیئرمین چیف آف جوائنٹ سٹاف کمیٹی کی تعیناتی تعیناتی کا اعلان ایک ساتھ کیا جائےگا۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل خالد شمیم وائیں سات اکتوبر کو ریٹائر ہوگئے ہیں جبکہ چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی کی ملازمت میں توسیع کی مدت آئندہ 29 نومبر کو ختم ہو گی۔

پیر کو وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری ہونے والےایک بیان میں کہاگیا ہے کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کی تعیناتی کے حوالے سے ہونے والے ایک اجلاس میں وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت اپنی آئینی ذمہ داریوں سے بخوبی واقف ہے اور ہر فیصلہ قومی مفاد کو سامنے رکھ کر کیا جائےگا۔

بیان میں کہاگیا کہ آٹھ اکتوبر تک چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کی تعیناتی اور چیف آف آرمی سٹاف کی 29 نومبر تک تعیناتی ایسے فیصلے ہیں جن پر فیصلہ غور و خوض کے بعد ہونا چاہیے اور دونوں اہم عہدوں پر تعیناتی کا اعلان اکٹھا کیا جائےگا۔

جنرل اشفاق پرویز کیانی نے گذشتہ روز ایک بیان میں کہا تھا کہ وہ اپنی مدتِ ملازمت میں توسیع کے خواہاں نہیں ہیں اور آئندہ ماہ 29 نومبر 2013 کو ریٹائر ہو جائیں گے۔