اور اب سرکاری ملازمین کی بس نشانہ، 17 ہلاک

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں سرکاری ملازمین کی بس میں دھماکے میں کم از کم 17 افراد ہلاک اور 20 سے زیادہ زخمی ہوگئے ہیں۔
پشاور پولیس کا کہنا ہے کہ یہ دھماکہ جمعہ کی دوپہر گل بیلہ کے علاقے میں چارسدہ روڈ پر ایک بس میں ہوا۔
کمشنر پشاور صاحبزادہ انیس نے بی بی سی اردو سے بات کرتے ہوئے سترہ افراد کی ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔
بی بی سی کے نامہ نگار کے مطابق اس بس میں سول سیکریٹریٹ کے ملازمین سوار تھے جو پشاور سے چارسدہ جا رہے تھے۔
پولیس کے مطابق دھماکہ خیز مواد بس کے پچھلے حصے میں رکھا گیا تھا جس کے پھٹنے سے بس کو شدید نقصان پہنچا۔
دھماکے کی اطلاع ملتے ہی فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں اور ہسپتالوں میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی۔
دھماکے بعد لاشوں اور زخمیوں کو پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال اور چارسدہ کے ضلعی ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ طبی ذرائع کے مطابق زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
واضح رہے کہ گذشتہ برس جون میں بھی گل بیلہ کے علاقے میں ہی اسی طرح سرکاری ملازمین کی بس کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ اس دھماکے میں 18 افراد ہلاک اور 30 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔







